ممبر پنجاب اسمبلی رانا مشہوداحمد نے سابق ایم پی اے نذیر چوہان ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یہ ضمنی الیکشن نہیں، عمران خان کی پالیسیوں کے خلاف ریفرنڈم ہے۔ ج عمران خان ملک کہ تباہی میں کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہے۔
رانا مشہود احمد کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم کے انتخاب کے وقت رات گئے تک آئین کی دھجیاں اڑائی گئیں۔ پنجاب کے بجٹ کی راہ میں روڑے اٹکائے گئے۔ پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف سے معاہدے کے نفاذ میں جان بوجھ کر تاخیر کی۔ اس دانستہ تاخیر کا خمیازہ آج عوام بھگت رہے ہیں۔ ایک سازشی خط کو لے کر قوم سے جھوٹ پر جھوٹ بولا گیا۔
رانا مشہود احمد نے مزید کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے عمران خان کا جھوٹ اس کے منہ پر دے مارا۔ نذیر چوہان جیسے امیدواروں نے ملک کی خاطر اصولی موقف پر سٹینڈ لیا۔ عوام کے سامنے عمران خان کے جھوٹ در جھوٹ کا پول کھل چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی حلقوں میں پی ٹی آئی کے غنڈوں کی بدمعاشی نہیں چلنے دیں گے۔ ایسے اوچھے ہتھکنڈے ایک ہارا ہوا امیدوار ہی اختیار کر سکتا ہے۔.
رانا مشہود احمد کا کہنا تھا کہ عمران خان نے یہودیوں کے ساتھ دوستی کی پینگیں بڑھائیں۔ عمران خان کے دور حکومت میں اسرائیل کے دورے پر وفد بھیجا گیا
عمران خان نے سٹیٹ بینک اور ملکی پالیسیاں آئی ایم ایف کے حوالے کر دیں۔ پی ٹی آئی نے سب سے زیادہ قرضہ لیا اورکام بھی کوئی نہ کیا۔ مسلم لیگ ن غلامی کی زنجیریں توڑنے آئی ہے۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ جس طرح ملک کو فیٹف کی گرے لسٹ سے نکالا ہے، جی ایس پی پلس سٹیٹس بحال رکھیں گے۔ آج ملکی خزانہ خالی اور ڈالر کی اڑان عمران خان کی وجہ سے ہے۔ یہ الیکشن کشمیر کا سودا کرنے والوں کے خلاف ہے۔ پیپلز پارٹی تمام حلقوں میں پاکستان مسلم لیگ ن کا ساتھ دے گی۔2013 میں بھی ملکی معیشت ہمیں ایسی ہی خستہ حالت میں ملی۔ ہم نے دہشت گردی، لوڈ شیڈنگ، بم دھماکوں سے ملک کو نجات دلائی۔ اب پاکستان میں گوگیوں کا احتساب ہو گا۔