انقرہ: ترگت الپ کا پاکستانی لڑکیوں کی جانب سے شادی کی پیشکش پردلچسپ جواب،اطلاعات کے مطابق ترک ڈراما سیریل ’ارطغرل غازی‘ میں ترگت الپ کا کردار اداکرنے والے جنگیز جاشکن نے پاکستانی لڑکیوں کی جانب سے شادی کی پیشکش پر دلچسپ جواب دیا ہے۔
ترک اداکار جنگیز جاشکن نے ڈراما ’ارطغرل غازی‘ میں ارطغرل کے قریبی دوست ترگت الپ کا کردار اداکیا ہے ۔ ڈرامے میں اس کردار کو بہت خوبصورت اور بہادر دکھایا گیا ہے۔ ترگت الپ اپنے کلہاڑے کے ساتھ لڑائی کرنے کے لیے مشہور تھے اور اس کردارکو جنگیز نے اتنے عمدہ طریقے سے نبھایا ہے کہ ارطغرل کی طرح یہ کردار بھی دنیا بھر میں اور خاص طور پر پاکستان میں بے حد مقبول ہوگیا ہے۔
جنگیز جاشکن کی مقبولیت کے پیش نظر گزشتہ روز وسیم بادامی اور شاہد آفریدی نے ان کا انٹرویو کیا اور ان سے دلچسپ سوالات پوچھے۔ وسیم بادامی نے ان سے پوچھا جنگیز آپ کو کب اندازہ ہوا کہ آپ پاکستان میں بے حد مقبول ہوچکے ہیں؟
اس سوال کے جواب میں جنگیز نے جواب دیا کہ مجھے انسٹاگرام کے ذریعے پاکستان میں اپنی بے پناہ مقبولیت کا احساس ہوا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ مجھے پاکستانی لڑکیوں کی جانب سے بے تحاشہ شادی کی پیشکش موصول ہوئی ہیں، لیکن میں ہر کسی کے ساتھ تو شادی نہیں کرسکتا نا۔
وسیم بادامی نے اگلا سوال کیا جنگیز کیا آپ پاکستان کی کسی مشہور ڈش سے واقف ہیں؟ جس پر انہوں نے کہا کہ وہ بریانی کے متعلق جانتے ہیں لیکن مجھے نہیں معلوم کہ کراچی کی بریانی یا لاہور کی بریانی اچھی ہے۔ لیکن جب میں پاکستان آؤں گا تو دونوں شہروں کی بریانی کھاؤں گا پھر بتاؤں گا کہ کون سی اچھی ہے۔
واضح رہے کہ جنگیز جاشکن اداکار ہونے کے ساتھ باسکٹ بال کے پیشہ ور کھلاڑی بھی ہیں اور اسپورٹس اکیڈمی سے گریجویٹ ہیں۔