اتوار کے صبح بیروت میں جنوبی لبنان کا مضافاتی علاقہ زوردار دھماکوں سے لرز اٹھا۔ حزب اللہ ملیشیا کے ایک عہدیدار کے مطابق یہ دھماکے اسرائیلی ڈرون اور ایک دوسرے جہاز کے گرنے کے نتیجے میں پیدا ہوئے۔
خبر رساں ادارے ’’رائیٹرز‘‘ سے بات کرتے ہوئے حزب اللہ کے نامعلوم عہدیدار نے بتایا کہ اسرائیلی ڈرون ایران نواز حزب اللہ کے زیر نگین بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے میں گرا۔ ادھر دوسری جانب اسرائیل کا ایک دوسرا طیارہ اتوار کو علی الصباح دھماکے سے تباہ ہوا۔
عہدیدار نے مزید بتایا کہ تباہ ہونے والے دوسرے اسرائیلی ڈرون کا ملبہ جنوبی مضافات میں حزب اللہ کے میڈیا سینٹر کے قریب ایک کالونی میں گرا، جس کی وجہ سے علاقے میں جانی اور مالی نقصان کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اسرائیلی فوج نے یہ کہہ کر اس بات پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے کہ ’’وہ غیر ملکی خبر رساں اداروں کی اطلاعات پر تبصرہ نہیں کیا کرتے۔‘‘
جنوبی لبنان کے مضافات کے رہائشیوں کے حوالے سے ’’رائیٹرز‘‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ انھوں نے زوردار دھماکے کی آواز سنی۔ ایک عینی شاھد نے مطابق لبنانی فوج نے طیارہ گرنے سے آگ لگنے کی ایک واقعہ کی اطلاعات کے بعد اس کالونی کو جانے والے راستے بند کر دیئے ہیں، جس کے باعث فوری طور پر نقصان کی تفصیل معلوم نہیں ہو سکی۔