ایرانی صدر حسن روحانی نے کہاہے کہ قوم کا مورال بلند ہے اور ایران امریکی پابندیوں کے مقابلے میں پختہ عزم کے ساتھ کھڑا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایران کی نیم سرکاری خبررساں ایجنسی مہر کے مطابق صدرحسن روحانی ایران کے شمالی صوبے خراسان میں پہنچے ہیں جہاں وہ مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا۔ایرانی صدر حسن روحانی نے کہاہے کہ قوم کا مورال بلند ہے اور ایران امریکی پابندیوں کے مقابلے میں پختہ عزم کے ساتھ کھڑا ہے۔
انھوں نے کہا:’’ دنیا کی سب سے بڑی اقتصادی اور فوجی قوت نے گذشتہ چودہ ماہ سے ایران کے عوام کے خلاف سخت ترین اقتصادی پابندیاں عاید کررکھی ہیں لیکن ان چودہ مہینوں کے دوران میں ایرانی عوام عزم واستقلال کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور امریکیوں کو اپنے اختیار کردہ ہر طریق سے شکست ہی ہوئی ہے‘‘۔
ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ امریکہ کو افغانستان، عراق، شام اور یمن نیز خطے کے دیگر ملکوں میں شکست کا سامنا ہے اور اگر کوئی دعوی کرتا ہے کہ ایرانی قوم دباؤ کی وجہ سے کمزور ہوئی ہے تو یہ اس کی بھول اور غلط فہمی ہے۔
صدر ایران نے واضح کیا کہ اقوام متحدہ اور آئی اے ای اے سمیت تمام عالمی فورموں میں بھی امریکہ کو ایران مخالف اقدامات میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کے بورڈ آف گورنر کے اجلاس میں شریک ممالک نے ایرانی قوم کی حمایت کی۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی شکایت کے بعد امریکہ کو عالمی عدالت انصاف میں بھی منھ کی کھانا پڑی ہے اور عالمی رائے عامہ نے بھی امریکی اقدامات کی شدید مذمت کی ہے۔
حسن روحانی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے امریکی دباؤ اور پابندیوں کے باوجود دوسروں کے سامنے یا عالمی مالیاتی اداروں کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلائے بلکہ اپنے اوپر بھروسہ کیا اور گزشتہ سال کے قرضے بھی واپس کر دیئے ہیں۔