ایران اور ترک صدر کی آصف زرداری کو صدر منتخب ہونے پر مبارکباد

iran turky

ترکیے کے صدر رجب طیب اردوان نے آصف علی زرداری کو صدر پاکستان منتخب ہونے پر مبارک باد دی ہے۔رجب طیب اردوان نے آصف علی زرداری کی بطور صدر مملکت کامیابی کےلیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں گہرے برادرانہ تعلقات ہیں۔ امید ہے آپ کے دور میں پاک ترکیے کے عوام کی خوشحالی کےلیے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ اُن کا کہنا تھا کہ شراکت داری خطے میں امن اور خوشحالی کےلیے سنگ میل ثابت ہوگی۔ پاکستان کے عوام کی خوشحالی کےلیے دعاگو ہوں۔ترک صدر نے مزید کہا کہ پاکستان اور ترکیے کے درمیان اسٹریٹیجک شراکت داری جاری رہے گی۔
اسی طرح ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے آصف علی زرداری کو صدر پاکستان منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔
ابراہیم رئیسی نے تہران سے جاری پیغام میں کہا کہ امید ہے آصف علی زرداری کے دور صدارت میں ایران پاکستان باہمی تعلقات میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایران کا بھائی اور دوست ملک ہے، ایران ہمیشہ کی طرح پاکستان کے ساتھ تعلقات کے فروغ کےلیے تیار ہے۔ایرانی صدر نے یہ بھی کہا کہ پاکستان سے قریبی تعلقات میں فروغ کےلیے پُرعزم ہیں، ایران پاکستان کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور مذہبی تعلق قائم ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ امید ہے آصف زرداری کے دور صدارت میں پاک ایران تعلقات بڑھیں گے۔

Comments are closed.