مظاہرین سے اظہار یکجہتی:ایران کی فٹبال ٹیم فیفا ورلڈ کپ میں قومی ترانےکی دُھن پر احتجاجاً خاموش کھڑی رہی
![](https://baaghitv.com/wp-content/uploads/2022/11/307411_2320093_updates.webp)
ایران میں مظاہرین سے اظہار یکجہتی کے لیے ایران کی فٹبال ٹیم نے فیفا ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے خلاف میچ میں اپنا قومی ترانا نہیں پڑھا۔
باغی ٹی وی :قطر میں ہونے والے فیفا ورلڈکپ میں آج ایران کا پہلا میچ خلیفہ انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں انگلینڈ سے ہوا جس میں ایران کو 2-6 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
فیفا ورلڈ کپ 2022 :انگلینڈ نے ایران کو شکست دے دی
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران میں جاری مظاہروں اور مظاہرین کے خلاف حکومتی سکیورٹی فورسز کےکریک ڈاؤن پر ایرانی فٹبال ٹیم کے تمام 11 کھلاڑی میچ سے قبل اسٹیڈیم میں ایرانی ترانےکی دُھن پر احتجاجاً خاموش کھڑے رہے۔
گزشتہ روز دوحہ میں پریس کانفرنس کے دوران ایرانی فٹبال ٹیم کےکپتان نے ایرانی مظاہرین سے اظہار یکجہتی کیا تھا۔
ایرانی فٹبال ٹیم کےکپتان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک کی صورتحال اچھی نہیں ہے اور نہ ہی ہمارے لوگ خوش ہیں، ہم یہاں ہیں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہمیں ان کی آواز نہیں بننی چاہیے ہمیں امید ہے کہ عوامی خواہشات کے مطابق چیزیں تبدیل ہوں گی اور سب خوش ہوجائیں گے۔
واضح رہے کہ ایران میں زیر حراست لڑکی مھسا امینی کی موت کے خلاف 17 ستمبر سے مظاہرے جاری ہیں حجاب قانون کی خلاف ورزی پر 13 ستمبر کو گرفتار ہونے والی 22 سالہ مہسا امینی مبینہ طور پر دل کا دورہ پڑنے سے 16 ستمبرکو انتقال کر گئی تھی۔
ایرانی انسانی حقوق گروپ کے مطابق 17ستمبرسےجاری مظاہروں میں 378 مظاہرین ہلاک ہوچکے ہیں جن میں47 بچے بھی شامل ہیں-