ایرانی حکومت نے بین الاقوامی ادارے انٹرپول میں ’ریڈ نوٹس‘ جمع کروا دیا ہے جس میں تین جنوری 2020 کو ایرانی فوج کے ذیلی ادارے پاسداران انقلاب کور کے قدس فورس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور 47 دیگر امریکی عہدے داروں کی گرفتاری کی درخواست کی گئی ہے۔

ایرانی عدلیہ کے ترجمان غلام حسین اسماعیلی نے اپنے بیان میں کہا: ’اسلامی جمہوریہ ایران اس جرم کا حکم دینے اور اس پر عمل کرنے والوں کے تعاقب اور انہیں سزا دینے پر بہت سنجیدگی سے عمل پیرا ہے۔‘

انٹرپول نے اس قبل بھی تہران کے پراسیکیوٹر علی القاسم مہر کی جانب سے دائر کی اس درخواست کی منظوری نہیں دی تھی جس میں انہوں نے ’قتل اور دہشت گردی کے الزامات‘ کے تحت صدر ٹرمپ اور پینٹاگون اور امریکی سینٹرل کمانڈ کے دیگر عہدے داروں کی گرفتاری کے لیے انٹرنیشنل وارنٹ جاری کرنے کی استدعا کی تھی۔

ایران کو امید ہے کہ 20 جنوری کو اپنے عہدے سے سبکدوش ہونے والے صدر ٹرمپ کو جنرل سلیمانی کے قتل کے نتائج کا سامنا کرنے پر مجبور کرنا آسان ہوجائے گا۔

Shares: