ایرانی صدر نے امریکا سے زر تلافی کا مطالبہ کردیا

ایرانی صدر نے امریکا سے زر تلافی کا مطالبہ کردیا

باغی ٹی وی :ایران کے صدر حسن روحانی کا کہنا ہے کہ امریکا اگر تہران کے ساتھ بات چیت کا ارادہ رکھتا ہے تو اسے 2015 کے جوہری معاہدے سے علیحدگی پر ایران کو زر تلافی ادا کرنا چاہیے۔

بدھ کے روز ایرانی کابینہ کے اجلاس کے دوران روحانی کا کہنا تھا کہ واشنگٹن کے ساتھ بات چیت ہو سکتی ہے اگر وہ 2015 کے جوہری معاہدے کی رُو سے اپنے وعدے پورے کر دے۔

ایرانی صدر نے مزید کہا کہ "وائٹ ہاؤس بارہا اعلان کر چکا ہے کہ وہ مذاکرات کے لیے تیار ہے اور ہم ٹال مٹول کر رہے ہیں .. ایسا نہیں ہے ، ایران مذاکرات کے لیے تیار ہے ،، جب امریکی کانگرس اور وائٹ ہاؤس غلط راستے سے لوٹ جانے اور جوہری معاہدے کی طرف واپسی کا ارادہ کریں گے ،، تو ہم مذاکرات کے لیے تیار ہیں”۔

روحانی نے مزید کہا کہ "تاہم انہیں معذرت کرنا چاہیے اور پابندیوں کے سبب ہمیں لاحق ہونے والے ضرر اور نقصانات کا ہرجانہ ادا کرنا چاہیے .. ہم جانتے ہیں کہ یہ سب محض امریکی خوشامد ہے جس کی کوئی بنیاد نہیں”۔

ایرانی صدر کے مطابق ان کا ملک ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے ایجنسی کو خبردار کیا کہ وہ امریکی اور اسرائیلی دباؤ میں آ کر سیاسی بنیاد پر ہر گز کوئی فیصلہ نہ کرے۔

روحانی نے جوہری معاہدے میں شامل یورپی ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ ایرانی جوہری سرگرمیوں کے حوالے سے امریکی دباؤ کے خلاف مزاحمت کریں۔

Comments are closed.