ایران کی ایٹمی خلاف ورزیوں پر سختی سے نمٹا جائے ، سعودی عرب

ایران کی ایٹمی خلاف ورزیوں پر سختی سے نمٹا جائے ، سعودی عرب

باغی ٹی وی : سعودی کابینہ نے کہا ہے کہ مملکت نے ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی (آئی اے ای اے) کی جنرل کانفرنس کے دوران اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری ایران کے حوالے سے ٹھوس موقف اختیار کرے اور اس کے جوہری پروگرام کے حوالے سے خلاف ورزیوں سے سنجیدگی کے ساتھ نمٹے۔ یہ بات بدھ کے روز سعودی کابینہ کے اجلاس میں بتائی گئی۔ وڈیو کانفرنس کے ذریعے ہونے والے اجلاس کی صدارت سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کی۔ اس موقع پر مملکت نے جوہری ہتھیاروں سے پاک جغرافیائی خطوں کے قیام پر زور دینے والے مثبت منصوبوں کے لیے اپنی حمایت کا بھی اعلان کیا ،،، اور مشرق وسطی کو ان ہتھیاروں سے پاک خطہ بنانے کے لیے عالمی برداری کی کوششوں کو سراہا۔

سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق کابینہ نے ماحولیات کے امور کے ذمے دار عرب وزراء کے ہنگامی اجلاس کی جانب سے جاری بیان کا بھی جائزہ لیا۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ یمن میں راس عیسی کی بندرگاہ کے نزدیک پانچ برسوں سے موجود آئل ٹینکر "صافر” کی مرمت کے فوری اقدامات کیے جائیں تا کہ ممکنہ ماحولیاتی آفت سے بچا جا سکے۔ علاوہ ازیں تمام عرب ممالک اور عالمی برادری پر زور دیا گیا کہ اس صورت حال کی درستی کے واسطے تعاون عمل میں لا کر مطلوبہ اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ یہ صورت حال بحر احمر پر پھیلے ممالک بالخصوص سعودی عرب اور یمن کے لیے ایک بڑے خطرے کی نشان دہی کر رہی ہے۔ یہ بات سعودی وزیر تجارت ڈاکٹر ماجد بن عبدالله القصبی نے بتائی۔

Comments are closed.