ایران کی غیر ملکی تجارت کا حجم 120 بلین ڈالرتک پہنچ گیا

0
53

تہران :ایران نے پابندیوں کے باوجود بہت زیادہ کامیابیاں حاصل کیں ہیں ، یہی وجہ ہے کہ آج ان مثبت پالیسیوں کی وجہ سے ایران کی غیر ملکی تجارت کا حجم 120 بلین ڈالرتک پہنچ گیا

ایرانی وزیر صنعت، معدن اور تجارت رضا فاطمی امین نے کہا ہے کہ گزشتہ سال ایران کی غیر ملکی تجارت کا حجم 120 بلین ڈالر تھا جو کہ بارٹر میکینزم، رقم کی منتقلی اور سیوڈو سوئفٹ(SWIFT) کے طریقوں سے کیا گیا تھا۔

انہوں نے بیلاروس اور ایران کے پارلیمانی دوستی گروپ کے سفیر کے ساتھ ملاقات میں کہا کہ ایران 40 سال سے زیادہ عرصے سے پابندیوں کی زد پر ہے لیکن ان برسوں میں ہم نے پابندیوں کے باوجود بہت سی کامیابیاں حاصل کیں۔

ایرانی وزیر نے کہا کہ کان کنی کے آلات کے میدان میں عظیم کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں اور ایران کے پاس اس شعبے میں بہت سے معدنی ذخائر اور اس شعبے میں سرگرم کمپنیاں موجود ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے دریافت ہونے والے تانبے کے ذخائر دنیا کے ذخائر کا کل سات فیصد شمار ہوتے ہیں۔

یاد رہےکہ دو دن قبل ایران کے نائب صدر محمد مخـبر نے ایک آن لائن تقریب کے دوران روس ہندوستان ٹرانزٹ کنٹینر ٹرین کے ایران کی سرحد میں داخلے کا حکم دیا تھا ۔ اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر محمد مخبر کا کہنا تھا کہ ملک کی علاقائی پوزیشن کو مد نظر رکھتے ہوئے ٹرانزٹ کی پوری گنجائشوں سے فائدہ اٹھانا ہماری حکومت کی اقتصادی پالیسیوں میں سرفہرست ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ صدر سید ابراہیم رئیسی شروع ہی سے ہمسایہ ممالک کے ساتھ تجارتی لین دین کے حجم میں اضافے پر زور دیتے آئے ہیں۔
ایران کے نائب صدر نے مزید کہا کہ وزارت ٹرانسپورٹ کی کوشش ہے کہ ملک کی ٹرانزٹ گنجائش کو پہلے مرحلے میں آٹھ ملین ٹن اور اس کے بعد بیس ملین ٹن تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سہولتوں میں اضافہ کرکے ملک کی ٹرانزٹ گنجائش کو تین سو ملین ٹن تک لے جانے کا امکان پایا جاتا ہے۔

ایران کے نائب صدر کا کہنا تھا کہ ٹرانزیٹ کے مواقع اور گنجائشوں سے فائدہ اٹھانے سے جہاں بے پناہ اقتصادی فوائد حاصل ہوتے ہیں وہیں اسلامی جمہوریہ ایران کے لئے سیاسی اور عالمی تعلقات کے میدانوں میں بھی غیر معمولی فوائد حاصل ہوں گے ۔

Leave a reply