بالی ووڈ کے مشہور اداکار مرحوم عرفان خان جن کا گزشتہ برس اپریل میں انتقال ہوگیا تھا، ان کے بیٹے بابیل خان اس وقت افسردہ اور جذباتی سے ہوگئے جب انھوں نے اپنے والد کو بعدازمرگ دیے جانے والے دو فلم فیئر ایوارڈز وصول کیے۔
باغی ٹی وی : بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی میں بالی ووڈ کے 66ویں فلم فیئر ایوارڈز کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں کئی نامور اداکاروں، پروڈیوسرز اور ہدایتکاروں نے کئی ایوارڈز اپنے نام کیے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ سال اس دُنیا سے رخصت ہوئے بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار عرفان خان کو بھی فلم فیئر ایوارڈز میں دو اعزازات سے نوازا گیا۔
عرفان خان کو فلم ’انگریزی میڈیم‘ میں بہترین اداکاری کرنے پر ’مرکزی کردار کے بہترین اداکار‘ کا ایوارڈ دیا گیا اس کے علاوہ عرفان خان کو ’لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ‘ سے بھی نوازا گیا جسے مرحوم اداکار کے بیٹے بابیل خان نے وصول کیا-
گو کہ یہ کسی بھی بیٹے کے لیے نہایت قابلِ فخر لمحہ ہوتا ہے جب وہ اپنے والد کی میراث کو جاری رکھنا اور آگے بڑھانے کے خواب دیکھ رہا ہو، لیکن اتوار کی شام مرحوم اداکار عرفان خان کے بیٹے بابیل خان جذباتی نظر آئے جب انھوں نے عرفان خان کو دیے جانے والے مذکورہ بالا ایوارڈز وصول کیے۔

اس تقریب کے بعد بالی ووڈ سلیبریٹیز تصاویر بنواتے نظر آئے لیکن اپنے والد کو یاد کر کے بابیل جذباتی سے ہوگئے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے سینئر اداکار جے دیپ الہوات سے گفتگو بھی کی۔
بعدازاں بابیل نے اپنے انسٹاگرام ہینڈل پر اپنے جذبات کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ اس اہم تقریب میں اپنے والد کے ایوارڈز حاصل کرنا اہم موقع تھا۔
انھوں نے کہا کہ بہت سارے لوگوں نے مجھ سے کہا کہ میری آنکھوں میں میرے عزائم عیاں ہیں جس پر میں نے ان سے کہا کہ آپ کا اندازہ درست ہے، میں جب سے یونیورسٹی سے فارغ ہوا ہوں میرے ارادے بلند ہیں۔
واضح رہے کہ فلم ’انگریزی میڈیم‘ 2017ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’ہندی میڈیم‘ کا سیکوئل تھی۔
’ہندی میڈیم‘ وہ فلم ہے جس میں عرفان خان کو بہترین اداکار کا فلم فیئر ایوارڈ ملا تھا اور اس فلم میں پاکستانی اداکارہ صبا قمر نے عرفان خان کے ساتھ مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال 29 اپریل کو ورسٹائل اداکار عرفان خان 53 سال کی عمر میں کولون انفیکشن کے باعث انتقال کر گئے تھے۔ عرفان خان کے لواحقین میں اہلیہ اور دو بیٹے ایان اور بابیل شامل ہیں۔








