بھارت جان لے کہ ہم آج بھی دفاعِ وطن کے لئے تیار کھڑے ہیں,ایوان قائد میں تقریری مقابلہ کا انعقاد
اسلام آباد: یومِ دفاع کے سلسلے میں ایسوسی ایشن فور اکیڈمک کوالٹی آفاق راولپنڈی اور نظریہ پاکستان کونسل اسلام آباد کے زیرِ اہتمام طلبہ وطالبات کے مابین "جنگِ ستمبرولولہ انگیز معرکہ”کے عنوان سے ایوانِ قائد فاطمہ جناح پارک میں ایک پُر جوش تقریری مقابلہ ہوا۔ مقابلے کا اہتمام نوجوانوں کی سماجی تنظیم ‘آفاق لیڈز کلب راولپنڈی’ کے تعاون سے کیا گیا تھا۔تقریب کی صدارت آفاق لیڈرز کلب کے سرپرست و معروف دانشور ڈاکٹر محمد افتخار کھوکھر نے کی ,اس موقع پر عشرت معصوم ڈائریکٹر پروگرام نظریہ پاکستان کونسل اسلام آباد , عبدالقدوس قریشی ایسوسی ایٹ زونل ہیڈ آفاق, طارق محمود گادھی مینیجر کوالٹی مینجمنٹ سسٹم آفاق پاکستان اور معروف سماجی رہنما نسیم عثمانی موجود تھے اور ججز کے فرائض معروف دانشور و پروفیسر احمد حاطب صدیقی مرکزی صدر دائرہ علم و ادب پاکستان اور ارشد محمود ارشد ریجنل ہیڈ آفاق آزاد کشمیر نے سرانجام دیے جبکہ میزبان عبدالعزیز ریجنل ہیڈ راولپنڈی اور احسن حامد ڈپٹی مینیجر آفاق راولپنڈی تھے. مقابلے میں جڑواں شہروں کے 38تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات نے حصہ لیا۔ اس موقع پر تقاریر میں نوجوان نسل کے ہونہار طلبہ و طالبات نے جنگِ ستمبر 1965ء میں بری، بحری اور فضائی معرکوں میں افواجِ پاکستان کی بے مثال شجاعتوں کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری بہادر افواج میں ایک سپاہی سے لیکر اعلیٰ ترین فوجی افسروں نے کمال جرات اور عسکری مہارتوں کے ساتھ اپنے سے دس گنا پڑی قوت کو ناکوں چنے چبوا دیئے۔ ہماری دلیر سپاہیوں نے اپنے جسموں سے بم باندھ کر دشمن کے ٹینکوں کو ناکارہ بنا دیا تو کہیں ہمارے شاہینوں نے دشمن کے فضائی حملوں کو آن واحد میں پسپا کر کے ایک جانب اپنے فوجی ٹھکانوں اور شہروں کو تباہی سے بچایا تو دوسری طرف دشمن کے جہازوں اور ہوائی اڈوں کو تاخت وتاراج کیا۔ مقررین نے کہا کہ جنگ سمبر کے واقعات یاد کر کے ہمارے دلوں میں وطن سے محبت اور وطن کی آن پر کٹ مرنے کا ایک ایسا جذبہ پیدا ہوتا ہے جو ہمارے اندر پاکستانیت کے جوہر کو مضبوط بنا رہا ہے۔ہم اپنے ازلی دشمن بھارت کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ اب بھی ہمارے بہادر جوان اور ساری قوم دفاعِ وطن کے لئے اُسی جذبے سے سرشار تیار کھڑی ہے اور دشمن کو نیست و نابود کرنے کا حوصلہ اور ولولہ رکھتی ہے۔تقریری مقابلے سے قبل سول سوسائٹی کے نمائندوں، شہریوں اور طلبہ وطالبات نے فاطمہ جناح پارک میں مہران گیٹ سے ایوان قائد تک واک میں حصہ لیا اور پرجوش نعروں کے ساتھ پاکستان کی بہادر افواج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔تقریری مقابلہ میں پہلی پوزیشن فاطمہ صغیر پاکستان نیشنل سکول راولپنڈی ,دوسری پوزیشن لائبہ ایمان امبرین ایجوکیشن اسمارٹ حب راولپنڈی, خنساء اسلام آباد ماڈل گرلز سکول جی سکس فور, جبکہ تیسری پوزیشن مصعب فاروق کاظمی سٹی سکول ,اریبہ سجاددارارقم سکول ٹیپو روڈ کیمپس نے حاصل کی. جبکہ حوصلہ افزائی کا انعام حرا اعظم کیانی ایکسل سائنس ایجوکیشنل سسٹم نے حاصل کیا اس کے علاوہ تمام شرکاء میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے گئے.