اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑی کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آگیا

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑی کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آگیا
باغی ٹی وی : پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کے میچ سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑی کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا میچ شیڈول تھا، تاہم اب یہ میچ تاخیر کا شکار ہوگیا ہے۔

میچ مقامی وقت کے مطابق 7 بجے شروع ہونا تھا، تاہم وہ اب 8 بجے شروع ہوگا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے اب تک کوئی تصدیق نہیں کی گئی ہے، تاہم اس حوالے سے جلد پریس ریلیز جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ ایک روز قبل جب رینڈم ٹیسٹنگ کے نتیجے سامنے آئے تو ان میں سے آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے ایک کھلاڑی کو کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا۔ذرائع نے بتایا ہے کہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد کھلاڑیوں کی ریپڈ ٹیسٹ بھی شروع کردی گئی ہے جس کے نتائج 10 منٹ سے لے کر 30 منٹ میں آجاتے ہیں۔

پی ایس ایل کے اس سیزن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلی فتح کا انتظار ہے۔ ہیڈ ٹو ہیڈ مقابلوں میں گلیڈی ایٹرز کی واضح برتری ہے، 11 مقابلوں میں سے کوئٹہ کو 7 جبکہ اسلام آباد کو 4 فتوحات ملیں۔

خیال رہے کہ پی ایس ایل 6 کے پوائنٹس ٹیبل پر پشاور زلمی کی ٹیم کا پہلا نمبر ہے، لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو شکست دے کر 6 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کرلی۔

کراچی کنگز چار پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔ اسی طرح اسلام آباد یونائیٹڈ دو کامیابیوں کے ساتھ چوتھے جبکہ ملتان پانچویں نمبر پر براجمان ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ایونٹ میں ایک میچ بھی نہیں جیتا ہے۔

Comments are closed.