اسحاق ڈار بہت جلد حلف اٹھائیں گے کیونکہ وہ کسی عدالت سے سزا یافتہ نہیں. مریم اورنگزیب

0
49

وفاقی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار کسی عدالت سے سزا یافتہ نہیں ، جلد بطور سینیٹر حلف اُٹھائیں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار کی واپسی پر ایک فارن ایجنٹ، ہیروں اور گھڑیوں کے سوداگر اور آٹا چینی چور کا رونا بنتا ہے۔ یہ روئیں، چیخیں یا پیٹیں اسحاق ڈار وطن واپس آچکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار کا واپس آنا عمران خان جیسے جھوٹے اور فسطائی شخص کے منہ پر زناٹے دار تھپڑ ہے جس کی گونج میں ہر روز اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار کسی عدالت سے سزا یافتہ نہیں ، جلد بطور سینیٹر حلف اُٹھائیں گے۔ اس سے قبل پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری نے اسحاق ڈار کی واپسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسحاق ڈار کا آنا پاکستان کے نظام انصاف کے منہ پر زناٹے دارتھپڑ ہے۔ فواد چودھری نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاونٹ پر لکھا کہ جب ایک مفرور سیدھا وطن واپس آکر اعلیٰ عہدوں پر براجمان ہو جائے تو جج صاحبان جتنی مرضی تقریریں کرلیں انصاف کا نظام عوامی اعتماد کبھی حاصل نہیں کر پائے گا۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما اسحاق ڈار وطن واپس آ چکے ہیں اور بطور وزیر خزانہ جلد اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ جبکہ انہوں نے وطن واپسی پر کہا گزشتہ رات میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ مجھے وزارت خزانہ کی ذمہ داری پارٹی قیادت نے دی ہے اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ آپ یہ ذمہ داری نبھاؤ لہذا میں پوری کوشش سے یہ ذمے داری نبھانے کی کوشش کروں گا.

وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ لندن سے اسلام آباد کے نورخان ایئربیس پہنچنے کے بعد سرکاری نشریاتی ادارے ‘پی ٹی وی’ سے بات کرتے ہوئے اسحٰق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے میں اپنے ملک میں واپس آیا ہوں۔ اسحٰق ڈار کا کہنا تھا کہ میں پوری کوشش کروں گا کہ پاکستان جس معاشی بھنور میں پھنسا ہے، ہم پاکستان کو اس میں سے نکالیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ جس طرح ہم نے 99-1998 یا 14-2013 میں پاکستان کو معاشی بحران سے نکالا تھا، امید ہے کہ ہم مثبت سمت میں جائیں گے۔

قبل ازیں، لندن سے روانگی کے وقت اسحٰق ڈار نے کہا تھا کہ جس دفتر سے نکل کر اپنے میڈیکل کے لیے آیا تھا، آج اللہ تعالیٰ مجھے اُسی دفتر میں واپس بھجوا رہے ہیں، میں واپس آرہا ہوں، اللہ چاہے گا تو میں پاکستان کی معیشت کو بہتر کر سکوں گا۔ انہوں نے کہا کہ سنہ 2013 سے 2017 تک سابق وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں پاکستان ترقی کر رہا تھا، پاکستان کی معیشت دنیا کی 18ویں بڑی معیشت بننے جارہی تھی، جب شرح سود کم اور شرح نمو زیادہ تھی، اس بار بھی کوشش کروں گا کہ پاکستان کی معیشت کو بہتر کرسکوں۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے اسحٰق ڈار کو وزیر خزانہ کے عہدے کے لیے نامزد کیا تھا۔

Leave a reply