کابل:افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلاء کے بعد داعش کے حملے ختم ہوجائینگے: اطلاعات کے مطابق افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ غیر ملکی افواج کے ملک سے نکل جانے کے بعد داعش کے حملے ختم ہو جائیں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ جمعرات کو کابل ہوائی اڈے کے باہر داعش کی جانب سے ایک تباہ کن خودکش بم حملے میں سیکڑوں افراد ہلاک ہوئے جو ملک سے نکلنے کے کوشش میں تھے اور ان کے ساتھ 13 امریکی فوجی اہلکار بھی ہلاک ہوئے۔

طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ داعش حملوں کیخلاف کریک ڈاؤن کریں گے، ہم امید کرتے ہیں کہ وہ افغان جو کہ داعش سے متاثر ہیں، وہ غیر ملکیوں کی غیر موجودگی میں اسلامی حکومت کی تشکیل دیکھ کر اپنی کارروائیاں ترک کردیں گے۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ جنگ کی صورت حال پیدا کرتے ہیں اور اپنی کارروائیاں جاری رکھتے ہیں تو ہم ان سے نمٹیں گے۔

Shares: