اسلام آباد :اسلام آباد۔ وفاقی پولیس پر ویانا کنونشن کی خلاف ورزی کے الزام نے حکام کو چکرا دیا، اطلاعات ہیں کہ وفاقی پولیس کی غیرقانونی مداخلت کی وجہ سے کوریا سفارت خانے نے وزرات خارجہ اور آئی جی کو خط لکھتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کا یہ اقدام ویانا کنونشن کی سرا سرخلاف ورزی ہے
یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ اس خطے میں وفاقی پولیس کی جانب سے سفارت خانے میں زبردستی گھسنے پر شدید احتجاج کیا گیاہے اور اس خط میں یہ شکایت بھی کی گئی ہے کہ شالیمار پولیس نے 7مارچ کو کورین سفارت خانے کے بیگ گیٹ سے اندر گھس کرسفارت خانے کے اہلکاروں کو ہراساں کیا۔
آئی جی کے نام خط میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ پولیس کی جانب سے تمام حدووقیود کی شدید خلاف ورزی کی گئی۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ سفارت خانے کے اندر دروازوں کو بھی توڑ دیا گیا۔ خلاف ورزی کرنے والوں پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
یاد رہے کہ کسی بھی غیر ملکی سفارتخانے میں پولیس کی کارروائی کے لیے پہلے اجازت لینا ضروری ہے جوکہ پولیس نے نہیں لی ، یہ بھی بتایا جارہاہے کہ سفارتخانے کے عملے نے پولیس کے جارحانہ رویے پرگہرے دکھ کا اظہار بھی کیا ہے اور کہا ہےکہ پولیس کو یہ طریقہ نہیں اپنانا چاہیے تھا