اسلام آباد میں ہندو ٹیمپل اور شمشان گھاٹ کی تعمیر کیلئے درخواست دائر

0
50

ہندو ٹیمپل اور شمشان گھاٹ کی تعمیر کے لئے اسلام آباد میں مقیم ہندو برادری نے عدالت سے رجوع کر لیا

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ہندو ٹیمپل اور شمشان گھاٹ کی تعمیر کے لئے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مقیم ہندو برادری نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی. درخواست گزار ہندو اشوک چند کی جانب سے یاسر چودھری ایڈوکیٹ عدالت میں پیش ہوئے، اسلام آباد ہائی کورٹ کےجسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نےکیس کی سماعت کی .

دوران سماعت وکیل نے عدالت میں کہا کہ 2سال کےعرصہ میں3افرادفوت ہوئے،مجبوری میں انہیں دفناناپڑا،وکیل کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد میں158ہندوخاندان رہ رہے ہیں، جب کوئی فوت ہو جائے تو مجبورا میتوں کو اٹک یا عمر کوٹ لے کر جانا پڑتا ہے گرم موسم کی وجہ سے ڈیڈ باڈی خراب ہو جاتی ہے، درخواست گزار کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بسنے والے ہندو بھی پاکستانی ہیں اور دیگر عوام کی طرح ہمیں بھی اپنے حقوق دئیے جائیں. عدالت نے درخواست پر سیکرٹری مذہبی امور اور چیئرمین سی ڈی اے سے جواب طلب کر لیا .

واضح رہے کہ پشاور ہائیکورٹ میں اس طرز کی ایک درخواست دائر کی گئی تھی جس میں شمشان گھاٹ کے لئے مطالبہ کیا گیا تھا، بابا جی گروپال سنگھ کے مطابق خیبر پختونخوا میں 60,000 کے لگ بھگ بھگ سکھ اور ہندو آباد ہیں لیکن ان کے لیے شمشان گھاٹ اور مذہبی طریقے سے آخری رسومات ادا کرنے کے لیے کوئی مناسب جگہ نہیں ہے۔ سکھ کمیونٹی کی جانب سے بابا جی گروپال سنگھ نے عدالت کو بتایا تھا کہ ان کی برادری میں میت کی آخری رسومات کے لیے انھیں صوبہ پنجاب کے شہر اٹک جانا پڑا کیونکہ پشاور اور صوبے کے دیگر اضلاع میں ان کے لیے کوئی شمشان گھاٹ نہیں ہے۔

Leave a reply