تاجروں کی ہڑتال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں صفائی مہم شروع کردی گئی ہے، چیف کمشنر آفس کی ہدایت پر اسلام آباد انتظامیہ شہر کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے ایک مشترکہ صفائی مہم کا آغاز کیا ہے۔ اس مہم میں سی ڈی اے، ایم سی آئی اور اسلام آباد انتظامیہ کا عملہ و افسران حصہ لے رہے ہیں،

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق مہم کا مقصد اسلام آباد شہر کو صاف ستھرا رکھنا ہے، اس مہم کے دوران نہ صرف شہر کی صفائی کی جا رہی ہے بلکہ کوڑا کرکٹ پھیلانے والے عناصر کو جرمانے بھی عائد کیے جا رہے ہیں۔
صفائی مہم کی نگرانی کے لیے مجسٹریٹس کو تعینات کیا گیا ہے۔ اس مہم کے دوران معمول کے صفائی آپریشن کے ساتھ ساتھ مختلف روڈز مارکیٹوں اور مراکز میں بھی صفائی کا خصوصی عمل جاری ہے جبکہ گرین بیلٹس،خالی جگہوں اور جنگل ایریاء سے کوڑے کرکٹ کے ڈھیروں کو ہٹانے کے لیے مشینری اور عملہ تعینات کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس سلسلے میں مجسٹریٹس کو ہدایت کی گئی ہے کہ گرین بیلٹس، خالی جگہوں اور جنگل ایریاء میں کوڑا کرکٹ پھینکنے والوں کے خلاف بھر پور کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ اس مہم کے دوران شہر کے نالوں کی صفائی بھی کی جا رہی ہے تاکہ موسمِ برسات کے دوران برساتی پانی کے بلا رکاوٹ بہاؤ کو یقینی بنایا جا سکے۔ شہریوں سے استدعا کی گئی ہے کہ صفائی کے اس عمل میں متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔
محمد اویس

Shares: