پیرس: فرانس نے اسرائیلی کپمنیوں کو آئندہ ماہ پیرس میں ہونے والے سالانہ یورو سیٹری ہتھیاروں اور دفاعی صنعت کی نمائش میں شرکت پر پابندی عائد کردی۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق ایونٹ کے منتظمین اور فرانسیسی حکام نے بتایا کہ یوروسیٹری 2024 میلے میں اسرائیلی دفاعی صنعت سے کوئی شریک نہیں ہوگا فرانسیسی وزارت دفاع نے تجویز پیش کی کہ یہ فیصلہ جنوبی غزہ میں رفح پر مسلسل اسرائیلی حملے کے خلاف پیرس کی مخالفت سے منسلک ہے، فرانسیسی صدر نے اسرائیل سے رفح میں آپریشن بند کرنے کا مطالبہ کیا تھا لیکن تل ابیب نے شو میں شریک ہونے سے متعلق شرائط پوری نہیں کی۔
واضح رہے کہ 74 اسرائیلی کمپنیاں 17 سے 21 جون تک پیرس میں ہونے والے عالمی ایونٹ میں شرکت ہونے والی تھیں، گزشتہ ہفتے کارکنوں کے ایک گروپ نے ایک قانونی انتباہ جاری کیا اور شو کے منتظمین پر زور دیا تھا کہ وہ اسرائیل کو ہتھیاروں کی خرید و فروخت بند کرنے کے لیے اقدامات اٹھائیں جو غزہ یا مقبوضہ فلسطینی سرزمین کے دیگر حصوں میں کیے جانے والے ”جرائم“ میں استعمال ہو سکتے ہیں۔