انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں نے اسرائیل پر جنگی جرائم کا مقدمہ چلانے کا مطالبہ کر دیا
انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں’ہیومن رائٹس واچ’ اور’ایمنسٹی انٹرنیشنل’نے اسرائیل پر جنگی جرائم کا مقدمہ چلانے کا مطالبہ کر دیا۔
باغی ٹی وی: غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیومن رائٹس واچ نے اسرائیل پر جنگی جرائم میں ملوث ہونے کا الزام لگا کر امریکا، برطانیہ، کینیڈا اور جرمنی سے اسرائیل کو اسلحے کی فراہمی فوری روکنے کا بھی مطالبہ کیا ہے، ایک بیان میں ہیومن رائٹس واچ نے کہا کہ 13 اکتوبر کو جنوبی لبنان میں امریکی، عراقی اور لبنانی صحافیوں پر 13 اکتوبر کا اسرائیلی حملہ صریح جنگی جرم ہے، اسرائیل کو خوب پتہ تھا کہ وہ جن لوگوں کو نشانہ بنا رہا ہے وہ سویلینز ہیں۔
دوسری جانب ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی 13 اکتوبر کو صحافیوں پر اسرائیلی حملے کو ہدف تنقید بنایا اور مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل کے اس حملے کی جنگی جرائم کے طور پر تحقیقات کی جائیں، ایک بیان میں ایمنسٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر برائے مشرق وسطی اور شمالی افریقا آیا مجذوب نے کہا کہ عالمی قوانین کے تحت اپنی پیشہ ورانہ ذمے داریاں انجام دینے والے کسی صحافی کو نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔
ترک صدر نے اسرائیل کے غزہ میں بفرزون کے قیام کا منصوبہ مسترد کر دیا
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے الزام لگایا ہے کہ 13 اکتوبر کو غزہ پر جس اسرائیلی حملے میں 43 سویلینز شہید ہوئے، اس کیلئے امریکا میں بنا ویپن گائیڈنس سسٹم استعمال ہوا ہے ایمنسٹی نے تحقیقات کے بعد دعویٰ کیا ہے کہ حملے کے بعد دیر البلا میں ملبے کا معائنہ کرنے پر وہاں سے امریکا میں بنے جوائنٹ ڈائریکٹ اٹیک میونیشنز گائیڈنس سسٹم( جے ڈیم) کے پرزے ملے ہیں۔
واضح رہے کہ13 اکتوبر کے حملے میں برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے ایسام عبداللہ جاں بحق جبکہ الجزیرہ کے کیمرہ پرسن ایلی براکھیا اور رپورٹر کارمن جوکھادر سمیت دیگر 6 جرنلسٹس زخمی ہوئے تھے۔