غزہ میں اسرائیلی فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا، جس میں سوار 2 اسرائیلی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔
باغی ٹی وی کو موصول رپورٹ کے مطابق اسرائیلی میڈیا نے بتایا کہ جنوبی غزہ میں اسرائیلی فضائیہ کا ہیلی کاپٹر بدھ کی صبح حادثے کا شکار ہو گیا، جس میں 2 فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ اسرائیلی فوج نے اسے ایک حادثہ قرار دیا ہے۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق، UH-60 بلیک ہاک ہیلی کاپٹر، 123ویں اسکواڈرن کا حصہ تھا جو ایک شدید زخمی انجینئر کو غزہ سے نکالنے کے لیے رفح پہنچا تھا۔ رات تقریباً 12:30 بجے لینڈنگ کے دوران ہیلی کاپٹر صحیح طریقے سے نیچے نہیں اُتر سکا اور زمین پر آ گرا۔حادثے میں 2 فوجی ہلاک اور 8 دیگر زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں دو پائلٹس، ایک مکینک، یونٹ 669 کا ایک ڈاکٹر اور ایک فوجی شامل ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کے المواصی کیمپ پر وحشیانہ حملہ کیا گیا۔ غزہ سے عرب میڈیا کی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے المواصی کیمپ پر حملے میں امریکی بم استعمال کیے۔ غزہ میڈیا دفتر کے مطابق اسرائیلی فوج نے 2 ہزار پاؤنڈ وزنی بم بےگھر فلسطینیوں کے خیموں پر گرائے۔ اسرائیلی فوج نے المواصی کیمپ میں گذشتہ رات ہولناک قتل عام کیا ہے۔ دفتر کے مطابق اسرائیلی فوج کے قتل عام میں 41 فلسطینی شہید اور 60 سے زیادہ زخمی ہوئے۔








