اسرائیل دفاعی نظام "آئرین ڈوم” ناکام ، اپنے ہی ڈرون مار گرائے

0
35

یروسلم :اسرائیل دفاعی نظام "آئرین ڈوم” ناکام ، اپنے ہی ڈرون مار گرائے ،اطلاعات کے مطابق ملٹری واچ جریدے نے انکشاف کیا ہے کہ غزہ کے خلاف حالیہ جنگ کے دوران آئرن ڈوم نے غاصب صیہونی فوج کے ڈرون طیاروں کو بھی مار گرایا۔

خود ساختہ صیہونی ریاست کا جدید ترین فضائی دفاعی نظام آئرن ڈوم اس کے شہروں کو راکٹ اور میزائلوں حملوں سے بچانے میں مرکزی کردار ادا کرتا ہے، تاہم غزہ کی پٹی کے خلاف حالیہ جنگ کے دوران آئرن ڈوم نے غاصب صیہونی فوج کے ڈرون طیاروں کو بھی مار گرایا۔

اس بات کا انکشاف عسکری امور سے متعلق جریدے ملٹری واچ نے کیا ہے۔ جریدے کے مطابق غاصب صیہونی فوج نے تصدیق کی ہے کہ آئرن ڈوم فضائی دفاعی نظام کی بیٹریوں نے اس کا اسکائی لارک ماڈل کا ایک جاسوس ڈرون طیارہ مار گرایا۔

جریدے کا کہنا ہے کہ آئرن ڈوم کو بنیادی طور پر راکٹ اور میزائل حملوں کے خلاف دفاع کے مقصد سے ڈیزائن کیا گیا، تاہم ثانوی طور پر یہ نزدیکی دائرہ کار میں موجود طیاروں کے خلاف کارروائی کی بھی محدود صلاحیت رکھتا ہے۔

جریدے کے مطابق اسکائی لارک طیارے کی لاگت کم ہونے کے باوجود اس کا گرایا جانا صیہونی ذمے داران کے لیے بڑی تشویش کا باعث ہے۔ آئرن ڈوم ڈیفینس سسٹم کی جانب سے گرائے جانے والے اس نوعیت کے ڈرون طیاروں کی تعداد ابھی تک سامنے نہیں آئی ہے۔واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

یاد رہے کہ آئرن ڈوم فضائی دفاعی نظام عملی طور پر 2010ء میں استعمال میں آنا شروع ہوا۔ جدید ترین دفاعی نظام سے متعلق رافیل کمپنی نے صیہونی فوج کے تعاون سے 2007ء میں اس آئرن ڈوم کی تیاری کا آغاز کیا تھا۔ 21 کروڑ ڈالر مالیت کا یہ دفاعی نظام ایک ریڈار مشین، ٹریکنگ سسٹم اور 20 میزائلوں کی حامل ایک بیٹری پر مشتمل ہوتا ہے۔

Leave a reply