اسرائیلی فوج کی غزہ پر شدید بمباری جاری ،فلسطینیوں کی مزید کتنی شہادتیں
اسرائیلی فوج نے بدھ کو غزہ پر فضائی حملے جاری رکھے ہوئے ہیں اور ان میں مزید نو فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔غزہ میں حماس کے تحت وزارت صحت نے بتایا ہے کہ گذشتہ دو روز میں اسرائیلی فوج کے جارحانہ حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد بائیس ہوگئی ہے۔
اسرائیلی طیاروں نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب مزاحمتی گروپ جہادِ اسلامی کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا تھا اور بدھ کو بھی غزہ کے مختلف علاقوں میں رہائشی علاقوں پر بمباری کی ہے۔
غزہ کے شفا اسپتال میں نو نعشیں منتقل کی گئی ہیں۔انھیں آج صبح ٹیکسیوں اور ایمبولینس گاڑیوں کے ذریعے لایا گیا تھا۔طبی ذرائع اور عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ یہ تمام عام شہری تھے اور غزہ شہر کےگنجان آباد علاقے میں مقیم تھے۔ان شہداء میں ایک فلسطینی باپ بیٹا بھی شامل ہیں اور ان کا ایک بیٹا شدید زخمی ہوگیا ہے۔