وزیراعظم عمران خان کی ہر بات کی بلاجواز مخالفت کرنا ن لیگ کی پالیسی ہے،فیاض الحسن چوہان
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہر بات کی بلاجواز مخالفت کرنا ن لیگ کی پالیسی ہے۔
مولانا فضل الرحمان لانگ مارچ کے نام پر اب تک سوا ارب روپے اینٹھ چکے ہیں۔ سینیٹ الیکشن میں پیسے کے ذریعے ووٹ خریدنے والے شیطانوں کو پکڑنا ضروری ہے۔
لاہور 2 مارچ: وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات کی روشنی میں جیلوں کی صورتحال بہتر بنائی جا رہی ہے۔ قیدیوں کے ساتھ بہتر سلوک، حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق کھانے اور صاف واش رومز کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے بتایا کہ پنجاب کی تمام جیلوں کے پی سی اوز میں وزیر جیل خانہ جات کا نمبر آویزاں ہے۔ کوئی بھی قیدی وزیر جیل خانہ جات کو براہ راست کال کر کے اپنا مسئلہ بیان کر سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے سنٹرل جیل فیصل آباد کے سرپرائز دورے کے موقع پر کیا۔ وزیر جیل خانہ جات نے عام قیدیوں کی بیرکس، کچن، پی سی اوز اور صفائی ستھرائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے قیدیوں اور ان سے ملاقات کے لیے آنے والوں سے بھی ملاقات کی، ان کے مسائل کے متعلق گفت و شنید کی اور جیل عملہ کے رویے کے متعلق دریافت کیا۔ اس موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جیلوں کے انتظامی امور میں بہتری کے لیے تین کور کمیٹیاں اپنے اپنے دائرہ کار میں کام کر رہی ہیں۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہر بات کی بلاجواز مخالفت کرنا ن لیگ کی پالیسی ہے۔ وزیر اعظم آج نواز شریف کو اچھا کہہ دیں تو بیگم صفدر اعوان اور انکی ترجمانوں کی فوج اس کی بھی مخالفت کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان لانگ مارچ کے نام پر اب تک سوا ارب روپے اینٹھ چکے ہیں اور مزید چار سے پانچ ارب حاصل کرنے کے چکروں میں ہیں۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں پیسے کے ذریعے ووٹ خریدنے والے شیطانوں کو پکڑا جانا ضروری ہے۔