اسلام آباد : عام آدمی کے مسائل کو حل کرنا پارلیمان کی اولین ذمہ داریوں میں شامل ہے؛اطلاعات کے مطابق اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصرنے کہا ہے کہ عوام کو بجلی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے
اسد قیصرنے کہا ہے کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی موجودہ حکومت کی بنیادی پالیسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی سہولیات خصوصا بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے پارلیمان سرگرم عمل ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج پارلیمنٹ ہاؤس میں صوبہ خیبر پختونخواہ میں بجلی کی فراہمی سےمتعلق امور پر منعقد ہونے والے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اسپیکر نے پیسکو کو بجلی کی لوڈشیڈنگ، اوور بلنگ ، ٹرانسفارمرز کی تنصیب اور بجلی کی ٹرپنگ کے معاملات کو جلد از جلد حل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نےخیبر پختونخواہ میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور بجلی سے متعلقہ دیگر مسائل پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے پیسکو کو کے پی کے میں کسانوں کو درپیش اوور بلنگ کے معاملات کو حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔
انہوں نے ٹرانسفارمروں کی مرمت میں تاخیر پر بھی تشویس کا اظہار کیا اور پیسکو کو اس مسئلے کو ترجیح بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی بندش کی وجہ گرمیوں کے موسم میں عوام کو شدید پراشانیون کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے پیسکو کے اہلکاروں کوعوام کے ساتھ دوستانہ رویہ اپنانے اور بجلی سے متعلق امور کو جلد حل کرنے کی ہدایت کی ۔
خیبر پختونخواہ سے تعلق رکھنے والے ممبران قومی اسمبلی نے عوامی مسائل کو حل کرنے میں گہری دلچسپی لینے پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی تعریف کی ۔ انہوں نے کے پی کے میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے پیسکو حکام کی نااہلیوں پر گہری تشویس کا اظہار کیا ۔ اراکین نے اجلاس کو اپنےاپنے حلقہ انتخاب میں بجلی سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا۔ اراکین کاکہنا تھا کہ انہیں پیسکو کی نا اہلی کی وجہ سے اپنے حلقے کے عوام کے سامنے شرمندگی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اسپیکر نے ممبران کو بجلی سے متعلق اپنے اپنے حلقوں کے مسائل کو تحریری طور پر پیش کرنا کا کہا ۔ انہوں نے پیسکو کے چیف ایگزیکٹو کو ممبران کی جانب سےپیش کیے گے مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کی ہدایت کی۔
وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب نےکمیٹی کو یقین دلایا کہ خیبر پختونخواہ میں بجلی سے متعلق تمام معاملات ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے پی کے اور ملک کے دیگر حصوں میں بھی بجلی کی فراہمی کو جاری رکھنے کی اپنی ذمہ داری سے بخوبی آگاہ ہے اور اس سلسلے میں ترجیح بنیادوں پر اقدامات اُٹھا ئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے ممبران سے بجلی کی چوری کے سلسلے میں تعاون کے لئے کہا ۔ ممبران نے اس سلسلے میں پیسکو کو مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ اجلاس میں وفاقی وزرا پرویز خٹک ، عمر ایوب ، خیبر پختونخواہ سے تعلق رکھنے والے ممبر قومی اسمبلی اور وزارت توانائی اور پیسکو کے سینئر آفسران نے شرکت کی۔