اتحادی انتخابات سے بھاگ رہے ہیں. بلاول بھٹو زرداری

پیپلز پارٹی کی کردارکشی کی مہم 3 نسلوں سے چلتی آرہی
PPP

پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ اتحادی الیکشن سے بھاگ رہے ہیں تو انہیں بھاگنے دو، اتحادیوں سے کہتا ہوں ڈرو گے تو مرو گے جبکہ حیدر آباد میں چھ ملین گیلن پانی کی فراہمی کے واٹر فلٹر پلانٹ منصوبے کے افتتاح کے بعد ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ نالائق کو نکالنے کے لیے عدم اعتماد کی کامیابی حیدرآباد کے عوام کی وجہ سے تھی، اگر وہ وزیراعظم نہیں رہا تو جیالوں کی محنت کی وجہ سے نہیں رہا۔

خیال رہے کہ بلاول بھٹو نے کہا کہ آج میں آپ سے مانگنے نہیں بلکہ آپ کو دینے کے لیے آیا ہوں، حیدرآباد کےعوام کو پینے کا پانی ملے گا، ہمیں ہر شہر میں صاف پانی پہنچانا ہے اور چئیرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ہم اپنے منشور پر الیکشن لڑیں گے، میں پاکستان کے عوام پر بھروسہ کرتا ہوں، میں عوام کے پاس جاؤں گا اور بتاؤں گا کہ میں ملتان، فیصل آباد اور پشاور کو بھی پانی دینا چاہتا ہوں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ اتحادی الیکشن سے بھاگ رہے ہیں تو انہیں بھاگنے دو، اتحادیوں سے کہتا ہوں کہ ڈرو گے تو مرو گے، الیکشن سے بھاگنا پیپلز پارٹی کی ٹریننگ میں نہیں ہے اور انہوں نے مزید کہا کہ جناح ہاؤس پر حملہ کرنے والوں کو پیغام ہے کہ ہم مقابلے کے لیے تیار ہیں، پیپلز پارٹی کے جیالے آپ سے نہیں ڈرتے، ہم الیکشن میں ملک کے کونے کونے میں سیاسی یتیموں اور کٹھ پتلی سیاست دانوں کا صفایا کردیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی کردارکشی کی مہم 3 نسلوں سے چلتی آرہی ہے، وہ سیلیکٹڈ کو مسلط کرنا چاہ رہے تھے تو پیپلز پارٹی کے خلاف نہ جانے کیا کیا کہا گیا، ہم نے جھوٹ کا منہ توڑ جواب دینا ہے۔

Comments are closed.