جماعت اسلامی نے گزشتہ روز الیکشن کمیشن کی جانب سے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کو ملتوی کرنے کی مذمت کرتے ہوئے دھرنا دینے کی دھمکی دی ہے-

باغی ٹی وی : امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہم سندھ کے بلدیاتی الیکشن ملتوی کرنے کی مذمت کرتے ہیں ہمارا مطالبہ ہے الیکشن وقت پر کرائے جائیں، ہم ان کی سازش کو ناکام کریں گے، الیکشن ملتوی کرنا جمہوریت کے خلاف سازش ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی کی جانب سے 22 جولائی کو الیکشن کمیشن سندھ کے دفتر کے باہر دھرنا دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ مسترد کرتے ہوئے ہائیکورٹ میں جانے کا فیصلہ کیا ہے پی ٹی آئی کے رہنما علی زیدی نے حیدرآباد میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم الیکشن کمیشن کی جانب سے سندھ میں بلدیاتی الیکشن ملتوی کرنے کی مذمت کرتے ہیں الیکشن کمیشن پہلے ہی متنازع تھا اب اور ہوگیا، ہم الیکشن کمیشن کے فیصلے کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے۔

خیال رہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 24 جولائی کو پولنگ ہونا تھی لیکن گزشتہ روز الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ ملتوی کردیا تھا۔

ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں سندھ میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ کیاگیا کراچی میں بارشوں کی پیشگوئی کے باعث انتخابات ملتوی کرنےکی درخواست کی گئی تھی۔ الیکشن کمیشن نے فیصلہ متحدہ قومی موومنٹ، چیف سیکرٹری، جی ڈی اے اور صوبائی الیکشن کمشنرکی درخواست پرکیا ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ اب 28 اگست 2022 کو ہوگا۔

Shares: