امیر جماعت اسلامی ضلع کیماڑی فضل احد نے مواچھ گوٹھ بلدیہ ٹائون میں دہشتگردی کے واقعے میں رہنما جماعت اسلامی اسلم خان سواتی کے گھرانے کے 13افراد کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نااہلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہر کراچی ایک بار پہر دہشت گردوں کے نشانے پر ہے۔
خواتین اور بچوں پر کریکر حملہ ایک بزدلانہ کاروائی ہے۔ملک دشمن عناصر ایک بار پہر شہر میں منظم ہو رہے ہیں ۔ملیر منگھوپیر اور اب مواچھ گوٹھ میں جماعت اسلامی کے رہنمائوں اور انکے اہل خانہ کے ساتھ دہشتگردی کے واقعات تشویش ناک ہے۔ایک سال قبل کشمیر ریلی میں بم حملے میں ملوث ملزمان بھی اب تک گرفتار نہیں ہوسکے۔
جب تک ان وارداتوں میں ملوث دہشتگرد گرفتار نہیں کئے جاتے شہر میں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا۔
پولیس ،رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے حالیہ واقعات کی تحقیقات میں تیزی لاتے ہوئے ملوث دہشتگردوں کو فوری گرفتار کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ مواچھ گوٹھ دہشتگردی کا واقعہ قومی سانحہ ہے۔قومی تقریبات اور تہواروں پر دہشتگردی کے واقعات نہایت افسوس ناک ہیں۔پوری قوم اسلم خان سواتی کے غم میں برابر شریک ہے۔دریں اثناء امیر جماعت اسلامی ضلع کیماڑی فضل احد نے اسپتال جاکر مریضوں کی عیادت کی اور اسلم خان کی اہلیہ ،بیٹی اور خاندان کے دیگر افراد کی شہادت پر تعزیت کی۔








