جماعت اسلامی نے ہر شعبہ زندگی میں اسلام کے نفاذ کا تصور دیا : امیر العظیم

0
39

جماعت اسلامی کراچی کے تحت ادارہ نور حق میں ہفتے کی شب ، شب بیداری کا انعقاد ہوا جس میں نظم کراچی کے ذمہ داران ،کراچی وضلعی شوری کے ارکان ،ضلعی ذمہ داران اور ناظمین علاقہ جات ،برادر تنظیمات و شعبہ جات کے انچارجز ،جماعت اسلامی یوتھ کے مرکزی ضلعی وعلاقہ انچارجز نے شرکت کی ، شب داری سے جماعت اسلامی کے مرکزی سیکریٹری جنرل امیر العظیم ، نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشدنسیم اور امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کیا ۔
جبکہ انجینئر اطہر علی خان نے درس قرآن پیش کیا ۔ امیر العظیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برسہا برس سے دین اور سیاست کو الگ الگ دائروں تک محدود کرنے کی وجہ سے سیاست کے ایوانوں میں دین کا دروازہ بند تھا ، یہ جماعت اسلامی کا اعزاز ہے کہ اُ س نے دین کو ایک مکمل نظام زندگی کے طور پر پیش کر کے دین اور دنیا ایک ہونے کا تصور پیش کیا۔
آج سرمایہ داری ، جاگیرداری سسٹم اور دیگر طاقتوںنے وسائل کے بل بوتے پر عوام کو ہپناٹائز کر دیا ہے ، جس کی وجہ سے وہ عبادت کو ہی مکمل دین سمجھتے تھے ، جماعت اسلامی عوام کو اپنے ساتھ ملا کر اور دعوت و تربیت کے مراحل سے گزار کر ایک نشان اور ایک پرچم کی شناخت کے ساتھ ایک بڑی تحریک کی شکل میں حاکمیت الہیہٰ کے قیام کے لیے کوششیں کر رہی ہے ، طویل غلامی کے نتیجے میں لوگ خدا دشمنوں کو جانتے اور پہنچانتے تھے لیکن اس سسٹم میں آرام سے رہتے تھے ، ایسی صورتحال میں مولانا مودودی ؒ نے بتایا کہ جب تک زندگی کے ہر شعبے میں اسلام نافذ نہیں ہو گا ۔

ایمان ادھورا رہے گا ، اسلام کو دائروں میں تقسیم کرنا فتنہ ہے ، اس کا نتیجہ آج یہ ہے کہ لوگ بعض مواقعوں اور واقعات کے معاملے میں نہایت حساس اور جذباتی رویے کا مظاہرے کرتے ہیں جبکہ زندگی کے شعبوں میں جہاں خدا کے احکامات کی خلاف وزری اور اس کی ہدایات سے بغاوت ہو رہی ہو وہاں خاموش رہتے ہیں ، ہماری تحریک نے اس فتنے کے خاتمے اور نسلوں کے ایمان کو بچانے کے لیے کامیاب جد وجہد کی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ دعوت کا کام پھولوں کی سیج نہیں ہے ، راہ خدا میں کام کرنے والوں کے سامنے آزمائشیں شکلیں بدل بدل کر آتی ہیں ، ان کا مقابلہ کرنے اور کام کے لیے راستہ ہموار کرنے کے لئے ضروری ہے کہ ہم قرآن سے تعلق کو مضبوط کریں ، اپنی ذات میں ڈسپلن پیدا کریں ، اپنے اہل خانہ کو تحریک سے وابستہ کریں اور اپنے ساتھ کام کرنے والوں کی اصلاح کرتے رہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج شہر کی موجودہ صورتحال اور چیلنجز میں آگے بڑھ کر زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے ۔

Leave a reply