جماعت اسلامی ضلع گلبرگ وسطی کے تحت تربیتی نشست کا انعقاد

0
50

جماعت اسلامی ضلع گلبرگ وسطی کے تحت گزشتہ روز ایک روزہ تربیتی نشست جامع مسجد رضوان فیڈرل بی ایریا میں ہوئی ، تربیتی نشست میں کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی ، جماعت اسلامی پاکستان کے ڈپٹی سیکریٹریز حافظ ساجد انور ، وقاص انجم جعفری ، امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ، جمعیت اتحاد علماء کراچی کے ناظم اعلیٰ مولانا عبدالوحید اور امیر ضلع فاروق نعمت اللہ ودیگر ذمہ داران نے مختلف موضوعات پر خطاب کیا ۔
ڈپٹی سیکریٹری جماعت اسلامی پاکستان وقاص انجم جعفری نے کہا ہے کہ افغانستان میں امریکا کو شکست اور دین اسلام کا غلبہ ہوا ، یہ قرآن کا اٹل فیصلہ ہے کہ حق غالب ہونے کے لیے آیا ہے، امریکا سے پینگیں بڑھانے والے آج چپ سادھے ہوئے ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام کی دعوت اور اس کے مطالبات کو اپنی زندگی کا مقصد بنانے کی ضرورت ہے، زندگی کے جملہ معاملات اور مسائل کا حل دین میں موجود ہے اور یہ اس بات کی گواہی ہے کہ اسلام ہر شعبے میں ہدایت و رہنمائی کرتا ہے، اسلام غالب ہونے کے لیے ہی ہے، کارکنان دین پر عمل کرتے ہوئے خالصتاً اللہ کی رضا کے لیے دعوت کے کام کو بڑھائیں ۔

حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنگیں محض اسلحے سے نہیں بلکہ جذبہ ایمانی سے لڑی جاتی ہیں، دنیا نے افغانستان میں دیکھ لیا کہ امریکا نے اپنی فوج پر 83 ملین ارب ڈالر خرچ کئے اس کے باوجود بدترین شکست ہوئی ، آج پوری دنیا کے سامنے واضح ہوگیا کہ کون حق پر تھا اور کون باطل کے ساتھ ، جب اپنے آپ کو سپر پاور کہنے والا امریکا ہار سکتا ہے تو ہمارے معاشرے میں موجود امریکا کے ذہنی غلاموں کو کیوں شکست نہیں دی جاسکتی آج امریکا کے حواری ملک میں نصاب تعلیم میں تبدیلی کرنا چاہتے ہیں ، جو کسی صورت قبول نہیں ہے ، جماعت اسلامی تعلیمی نصاب میں تبدیلی کے خلاف اول روز سے جدوجہد کر رہی ہے اور ملک میں یکساں نصاب تعلیم ہی رائج ہوگا ۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت انقلاب کی ضرورت ہے اور اس کے لئے قوت نافذہ کا حصول لازمی عنصر ہے ، قوت اور باصلاحیت لیڈر شپ ہوگی تب ہی ملک میں اللہ کا نظام قائم ہوسکے گا ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے گزشتہ 35سال کے عرصے میں نہایت مشکل حالات میں دعوت و خدمت کا کام کیا ہے ، اللہ کے راستے میں کام کرنے کے دوران آزمائشوں کا سلسلہ آتا ہے ، لیکن مومن تو وہی ہوتے ہیں جو استقامت کے ساتھ اقامت دین کے لئے جدوجہد کرتے ہیں اور حقیقت میں یہی کامیابی ہے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی سے وابستہ افراد تنظیم سے جڑ کر منظم طریقے سے اپنے حصے کا کام کریں اور اپنا جائزہ لیں کہ جماعت اسلامی جس انقلاب کے لئے جدوجہد کر رہی ہے کیا وہ اس کے لئے تیار ہیں۔

Leave a reply