ہالی وڈ کی معروف جیمز بانڈ سیریز کی کی پہلی فلم میں استعمال ہوئی بندوق نیلامی کے لیے تیار ہے۔
باغی ٹی وی : غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جیمز بانڈ سیریز کی کی پہلی فلم میں استعمال ہوئی بندوق نیلامی کے لیے تیار ہے اس بندوق کی نیلامی اگلے ماہ ہوگی جس کے بارے میں امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ بندوق تین کروڑ روپے سے زائد میں نیلام ہوسکتی ہے۔
یہ بندوق اداکار شان کونری نے فلم ’ڈاکٹرنو‘ میں استعمال کی تھی۔
رپورٹ کے مطابق جرمن ساختہ والتھر پی پی (پولیس پسٹل) کی نیلامی اگلے ماہ بیورلی ہلز کیلی فورنیا میں ہوگی جب کہ بندوق کی آن لائن بولی بھی لگائی جاسکے گی۔
خیال رہے کہ اسکاٹ لینڈ سے تعلق رکھنے والے اداکار شان کونری گزشتہ ماہ31 اکتوبرکو 90 سال کی عمر میں انتقال کرگئے تھے انہوں نے جیمز بانڈ سیریز کی ابتدائی 7 فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے معروف اداکار نے اپنی عمدہ پرفارمنس کے باعث آسکر ایوارڈ سمیت کئی ایوارڈز اپنے نام کیے۔
عالوہ ازیں سن 2000 اُنہیں ملکہ برطانیہ نے ’سر‘ کے خطاب سے نوازا تھا-