جمہوریت نے ریاست پاکستان کو جنگل میں تبدیل کر دیا ، خواجہ سعد رفیق
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ کارکردگی کے لفظ کا پی ٹی آئی حکومت میں کوئی نام نہیں،
عدالت میں پیشی کے موقع پر خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا اکٹھے نہ ہونا ایک المیہ ہے جس کے ہم سب ذمہ دار ہیں، آپ نے گردن اور گریبان سے دبوچا ہوا ہے، جس ملک میں قائد حزب اختلاف کو ہر وقت کٹہرے میں کھڑا کیا جائے وہاں کونسی جمہوریت ہے، اس جمہوریت نے ریاست پاکستان کو جنگل میں تبدیل کر دیا ہے،
خواجہ سعد رفیق کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں بدقستمی سے جمہوریت نے وہ سفر طے نہیں کیا جو کیا جانا چاہیے تھا۔ پاکستان میں 4 مارشل لاء آئے، پاکستان آزاد ہوگیا مگر آزادی صرف اشرافیہ تک رہی، عام آدمی تک نہیں پہنچی، شہباز شریف ان مشکلات سے نکل جائے گا۔
خواجہ سعد رفیق کا مزید کہنا تھا کہ این ڈی ایم اے ناگہانی آفات کیلئے ہوتا ہے، یہاں خود آفات پیدا کی جا رہی ہیں، یہی نہیں پتا کہ کورونا وائرس سے متاثرہ کل کتنے افراد ہیں، جب ڈینگی ہوا تو شہباز شریف اور سلمان رفیق کی کاوشوں سے ڈینگی پر قابو پایا گیا، ڈینگی کا 8000 روپے کا ٹیسٹ مفت کیا گیا، آج 8 ہزار کا کورونا ٹیسٹ کیسے کروایا جاسکتا ہے۔
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ہم اپنی حکومت میں جمہوریت نہیں دیتے اور ہمیں بھی جمہوریت نہیں ملتی. یہ ملک تو آزاد ہے لیکن اسکا عام آدمی آزاد نہیں ہے اس میں صرف اشرافیہ آزاد ہے.