جمہوریت صرف مردوں کے لیے نہیں : شازیہ مری
ترجمان پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز و رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے کہا ہے کہ جمہوریت صرف مردوں کے لئے نہیں ہے، جمہوریت کی جدوجہد اور حصول میں خواتین کا بڑا اہم کردار رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز و رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے پی ڈی ایم کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کے کل منقعد ہونے والے جلسے میں خواتین پر پابندی عائد کرنے کے فیصلے پر افسوس ہے۔
شازیہ مری کا کہنا تھا کہ پی پی پی عورتوں کی جدوجہد اور انکی محنت و کوشش کو سراتی ہے۔
رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ قیام پاکستان سے لیکر اب تک خواتین نے جمہوریت کی جدوجہد میں پیش قدم رہ کر قربانیاں دیں اور محنت کی، آج پی ڈی ایم کے اعلان سے پاکستان میں موجود جمہوری سوچ رکھنے والے لوگوں کو ٹھیس پہنچی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں یہ امید نہیں تھی کہ پی ڈی ایم اپنے فیصلے اس قدر انتہا پسندی کی طرف لے جائے گی۔
ترجمان پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز و رکن قومی اسمبلی شازیہ مری کا مزید کہنا تھا کہ ہم پی ڈی ایم کے اس فیصلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں اور اسکی مذمت کرتے ہیں ۔