جمرود (باغی ٹی وی رپورٹ) خرکی آباد خواڑ میں منعقدہ امن فٹبال ٹورنامنٹ کا فائنل ینگ خرکی آباد فٹبال ٹیم اور خیبر گرین فٹبال ٹیم کے درمیان کھیلا گیا، جس میں ینگ خرکی آباد نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
اس ایونٹ میں ضلع خیبر کے مختلف علاقوں سے 20 ٹیموں نے حصہ لیا، جس نے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا بھرپور موقع فراہم کیا۔
اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی سابق ایم پی اے الحاج شفیق شیر آفریدی اور تحصیل جمرود چیئرمین حاجی عظمت خان آفریدی تھے، جبکہ چیف آرگنائزر ملکزادہ احمد اللہ، فوکل پرسن تحصیل چیئرمین حاجی شفیق آفریدی، کونسلر مصور خان اور ظہور آفریدی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
مہمان خصوصی الحاج شفیق شیر آفریدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ قبائلی اضلاع، خصوصاً ضلع خیبر، کھیلوں کے حوالے سے بے پناہ صلاحیت رکھتے ہیں، مگر سہولیات کا فقدان ہے۔ انہوں نے کہا، "ہم نے اپنے دور میں کھیلوں کو سپورٹ کیا، ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا تاکہ نوجوان منشیات سے دور رہ کر مثبت سرگرمیوں میں حصہ لیں۔ کھیل کے میدان آباد ہونا امن اور ترقی کی نشانی ہے۔”
انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ کھیلوں کے ساتھ ساتھ تعلیم پر بھی خصوصی توجہ دیں تاکہ وہ اپنے علاقے اور ملک کا نام روشن کر سکیں۔تقریب کے آخر میں مہمان خصوصی نے کھلاڑیوں اور آرگنائزرز کے لیے 20 ہزار روپے نقد انعام کا اعلان کیا اور کامیاب کھلاڑیوں میں ٹرافیاں تقسیم کیں۔
یہ ٹورنامنٹ نہ صرف نوجوانوں کے جوش و جذبے کا عکاس تھا بلکہ یہ ثابت کرتا ہے کہ کھیل کے ذریعے امن، بھائی چارہ اور مثبت سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔








