جنوبی پنجاب کے باسیوں کو سنائی وزیراعلیٰ پنجاب نے بڑی خوشخبری
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے بہاولپور ڈویژن کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی ملاقات ہوئی ہے،وزیراعلیٰ عثمان بزدار فرداً فرداً ہر رکن اسمبلی کی نشست پر گئے، مصافحہ کیا اور حال احوال دریافت کیا۔

اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے اپنے حلقوں کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے تجاویز دیں۔ اس موقع پر وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ تاریخ میں پہلی بار جنوبی پنجاب کے عوام کی خوشحالی کے لئے ترقیاتی بجٹ کا 35فیصد مختص کیاگیاہے۔ جنوبی پنجاب کے فنڈز کسی اور علاقے یا منصوبے کیلئے استعمال کرنے پر پابندی لگا دی ہے۔ سابق دور میں پسماندہ علاقوں کو جان بوجھ کر ترقی کے سفر سے محروم رکھا گیا-تحریک انصاف کی حکومت نے دور دراز علاقوں کی ترقی پر فوکس کیا ہے-

وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے ملاقات دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بہاولپور ڈویژن کے اضلاع کو موٹروے سے منسلک کرنے کیلئے رابطہ سڑکیں بنائی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے رابطہ سڑکیں بنانے کا پلان مرتب کرنے کی ہدایت کر دی،

وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ رواں سال بھی پنجاب میں گندم کے کاشتکاروں کے حقوق کا تحفظ کریں گے۔ کسانوں کو ان کی محنت کا پورا معاوضہ پہلے بھی دیا، آئندہ بھی دیں گے۔ رواں سال گندم کی خریداری کا آغاز گزشتہ سال سے پہلے کیا جائے گا،منچن آباد کو ترقیاتی منصوبو ں کے حوالے سے ماڈل سٹی بنایا جائے گا۔

عثمان بزدار نے مزید کہا کہ ہیڈ سلیمانکی روڈ اور بہاولنگر تا پاکپتن روڈ کی تعمیر و مرمت جلد شروع کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے ہسپتالوں میں ضروری طبی آلات کی فراہمی کا منصوبہ آئندہ بجٹ میں شامل کرنے کی ہدایت کی اور بہاولپور ڈویژن کے شہروں اور دیہات میں صاف پانی کی فراہمی کیلئے کام تیز تر کرنے کا حکم بھی دیا، وزیراعلیٰ نے شہروں میں نکاسی آب کیلئے سیوریج سکیموں کے منصوبے جلد از جلد شرو ع کئے جائیں۔وزیراعلیٰ کی متعلقہ حکام کو ہدایت کی اور کہا کہ بہاولپور میں فرید گیٹ تک سرکلر روڈ پر اوورہیڈ برج اور احمد پور شرقیہ میں ریلوے پھاٹک پر انڈرپاس و پل بنانے کے منصوبوں کا جائزہ لیں گے۔ گاﺅں کی سطح پر کمپیوٹرائزڈ ریونیو ریکارڈ کا پراجیکٹ لایا جائے گا۔پراجیکٹ میں ابتدائی طور پر 14 قانون گوئی حلقوں میں پائلٹ پراجیکٹ شروع کئے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے مختلف محکموں میں ضلعی سطح پر افسروں اور سٹاف کی کمی جلد از جلد دور کرنے کیلئے اقدامات کی ہدایت کی اور کہا کہ پولیس میں منظور شدہ خالی آسامیوں پر بھرتی کی اجازت دے دی ہے۔پولیس کی نفری پورا ہونے سے امن عامہ کی صورتحال بہتر ہوگی۔پولیس کو جلد گاڑیاں بھی فراہم کریں گے ۔

Shares: