جاپان کے معروف فیشن برانڈ کینزو کے بانی اور معروف فیشن ڈایزائنر کینزو ٹکاڈا عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے-
باغی ٹی وی : 81 سالہ جاپانی ڈیزائنر کینزو ٹکاڈا کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد پیرس کے امریکن اسپتال میں زیر علاج تھے جہاں وہ انتقال کر گئے-
ان کے ترجمان نے فرانسیسی میڈیا کو بتایا کہ 81 سالہ کینزو ٹکاڈا کی موت پیرس کے مغرب میں مضافاتی علاقے میں واقع ہسپتال میں کورونا وائرس سے جڑی پیچیدگیوں کے باعث ہوئی۔
کینزو ٹکاڈا جاپان میں پیدا ہوئے تھے لیکن 1960 میں انہوں نے فرانس جانے کا فیصلہ کیا اور تب سے وہ فرانس میں ہی قیام پذیر رہے۔
کینزو ٹکاڈا نے اپنے نام سے منسوب برانڈ کو پیرس میں 1970 کی دہائی میں لانچ کیا تھا کینزو ٹکاڈا کو مقبولیت ان کے ڈیزائن کردہ ملبوسات میں شوخ رنگ اور منفرد گرافکس سے ملی جبکہ وہ پہلے جاپانی ڈیزائنر تھے جو پیرس کے فیشن میں اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے۔
کینزو کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ جاپانی ڈیزائنر کینزو ٹکاڈا کے تقریباً 8000 ڈیزائنز تھے اور وہ کبھی بھی فیشن اور فن سے دور نہیں ہٹے۔
انہوں نے پرفیومز اور اسکن کیئر پروڈکٹس بھی متعارف کروائے تھے جس سے ان کے کاروبار کو فروغ ملا تھا خیال رہے کہ 1990 کی دہائی میں اپنا لیبل دنیا کے سب سے بڑے لگژری گروپ ایل وی ایم ایچ. پی اے کو فروخت کرنے کے بعد ریٹائر ہوگئے تھے۔