ننکانہ صاحب: نمائندہ باغی ٹی وی
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بزدار حکومت کی ہدایت پر ضلع بھرمیں جاری ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے جائزہ اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت ممبر صوبائی اسمبلی میاں محمد عاطف اور ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب راجہ منصور احمد نے کی ۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) محمد عثمان خالد،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) احمد کمال ،اسسٹنٹ کمشنر شاہکوٹ صباءسحر ،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ طارق ڈھلوں،محکمہ ہائی وے ،بلڈنگز سمیت دیگر اداروں کے سربراہان نے شرکت کی ۔اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ممبر صوبائی اسمبلی میاں محمد عاطف نے کہا کہ عوام الناس کو بنیادی سہولیات کی فراہی کے لیے پاکستان تحریک انصاف دن رات کوشاں ہیں ،پی ٹی آئی کی حکومت کی بدولت ضلع بھر میں وسیع ترقیاتی سکیمیں شروع کی گئی ہیں،متعلقہ ادارے ترقیاتی سکیمیں مقررہ مدت میں مکمل کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کریں۔ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ طارق ڈھلوں سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے جاری ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے بریفنگ دی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب راجہ منصور احمد کا کہنا تھا کہ ترقیاتی سکیموں کے لیے بہترین میٹریل استعمال کیا جائے معیار اور کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،ضلع بھر میں جاری ترقیاتی کاموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ عوام الناس کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے ۔ڈپٹی کمشنرننکانہ صاحب راجہ منصور احمد نے کہا کہ اگر کسی بھی سکیم میں ناقص میٹریل استعمال ہونے کی نشاندہی ہوگئی تو ٹھیکیدار اور متعلقہ محکمے کے افسران کے خلاف سخت محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔