راجن پور۔ (اے پی پی)ڈپٹی کمشنر راجن پور محمدافضل ناصر خان نے کہا ہے کہ جاری ترقیاتی سکیموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ کام کی کوالٹی اور میٹیریل پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔یہ باتیں انہوں نے ڈویلپمنٹ کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ67 سکیموں پر کام جاری ہے جن میں ہائی وے کی 21 سکیمیں، پبلک ہیلتھ کی 20، بلڈنگ کی15،ضلع کونسل کی 4، سپورٹس کی 4 جبکہ لوکل گورنمنٹ کی سکیمیں بھی شامل ہیں۔ ان کی لاگت 9635ملین روپے ہے۔ اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ 14 نئی اسکیمیں آئی ہیں جن کی منظوری کے بعد کام شروع کر دیا جائے گا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے۔ اس سلسلے میں کسی قسم کی سستی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ جاری ترقیاتی سکیموں کو خود چیک کروں گا۔اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سمیت محکمہ پبلک ہیلتھ، بلڈنگ، انہار،ضلع کونسل اور لوکل گورنمنٹ کے سربراہان نے شرکت کی۔

Shares: