معروف بھارتی شاعراورنغمہ نگار جاوید اختر نے توہین آمیز تبصرے کرنے پر بالی وڈ کی متنازع کوئین کنگنا رناوت کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ درج کروادیا۔
باغی ٹی وی : بھارتی خبر رساں ادارے انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق جاوید اختر نے ممبئی کی ایک عدالت میں بالی ووڈ کوئن کے خلاف بے بنیاد الزامات لگانے پر مقدمہ دائر کیا مقدمے میں کہا گیا ہے کہ کنگنا نے ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران ان پر بے بنیاد اور توہین آمیز تبصرے کیے۔
جاوید اخترنے اندھیری میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ کے سامنے یہ شکایت درج کرائی جس میں انہوں نے ان کی بدنامی کرنے کے لیے آئی پی سی کی متعلقہ دفعات کے تحت اداکارہ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔
جاوید اختر کی جانب سے درج کی جانے والی شکایت میں کہا گیا ہے کہ کنگنا رناوت نے سوشانت سنگھ کی موت کے بعد ان کا نام بالی وڈ میں ایک ڈرگزگروپ میں گھسیٹا ہے لہذا کنگنا کی جانب سے لگائے گئے ان بے بنیاد تبصروں کی باعث ان کی ساخت متاثر ہوئی ہے۔
جاوید اخترکی جانب سے مزید کہا گیا کہ کنگنا رناوت نے دعویٰ کیا ہے کہ جاوید اختر نے انہیں دھمکایا تھا کہ وہ اپنے اور اداکار ہرتھیک روشن کے مبینہ تعلقات کے حوالے سے اپنا منہ بند رکھیں اداکارہ کنگنا رناوت کی جانب سے دئیے جانے والے یہ تمام بیانات لاکھوں لوگوں نے دیکھے جس کی وجہ سے جاوید اختر کی ساخت متاثر ہوئی۔
واضح رہے کہ آنجہانی اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی موت نے بالی وڈ میں منشیات کے استعمال اور اس میں موجود ڈرگ مافیا کی قلعی کھول کے رکھ دی تھی۔
اس حوالے سے کنگنا رناوت نے بھی ساتھی اداکاروں اور فلم سازوں پر ڈرگز مافیا کا حصہ ہونے کے الزامات لگائے تھے کہا تھا کہ بالی ووڈ میں 99 فیصد افراد منشیات استعمال کرتے ہیں جبکہ ایک مرتبہ بالی ووڈ میں ڈرگز مافیا کے گروپ کے بارے میں بات کرتے ہوئے انھوں نے جاوید اختر کا نام بھی لیا تھا علاوہ ازیں کنگنا رناوت بالی وڈ میں اقربا پروری پر بھی انڈسٹری کے مخصوص طبقے کو تنقید کا نشانہ بناتی رہتی ہیں۔