اسلام آباد:جاوید اقبال ہی چیئرمین نیب رہیں گے،مگرکب تک ؟آرڈیننس کا مسودہ صدر کو ارسال ،اطلاعات کے مطابق نئی تقرری تک جاوید اقبال ہی چیئرمین نیب رہیں گے، وزیراعظم کی منظوری کے بعد ترمیمی آرڈیننس کا مسودہ صدر مملکت کو ارسال کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق نیب ترمیمی آرڈیننس 2021ء تیار کر لیا گیا ہے، تیار کیا گیا آرڈیننس صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کو ارسال کر دیا گیا ہے۔
مجوزہ آرڈیننس کے مطابق صدر کو 4 سالہ مدت مکمل ہونے پر دوبارہ چئیرمین نیب کو تعینات کرنے کا اختیار مل گیا ہے، دوبارہ چئیرمین نیب کی تقرری کے لیے وزیر اعظم عمران خان اور اپوزیشن لیڈر میاں محمد شہباز شریف کی مشاورت ہوگی، مشاورت کے ذریعے چئیرمین نیب کے تقرر تک موجودہ چئیرمین کام جاری رکھیں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں قانونی ٹیم کا اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم ، اٹارنی جنرل خالد جاوید خان، وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان شریک ہوئے۔