پاکستان ٹیلی ویژن کی سینیئراداکارہ سلمی ظفرکے پیسے نہ دینے کے الزام کے جواب میں جویریہ سعود کا کہنا ہے کہ ہم نے ان کے پیسوں کی ادائیگی پہلے ہی کردی تھی اور یہ کس حساب کی بات کر رہی ہیں یہ ہمیں نہیں معلوم۔
باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق اداکارہ سلمی ظفرکے ایک کروڑروپے نہ دینے کے الزام پر جویریہ سعود کا کہنا ہے کہ سلمی ظفرکوپہلے مہینے ہی ہمارے ساتھ کام چھوڑدینا چاہیے تھا اگر ہم انہیں پیسے نہیں دے رہے تھے انہوں نے ہمارے ساتھ 7 سال کام کیا۔ ہم نے ان کے پیسوں کی ادائیگی پہلے ہی کردی تھی اور یہ کس حساب کی بات کر رہی ہیں یہ ہمیں نہیں معلوم۔
ذرائع کے مطابق جویریہ کا کہنا تھا کہ اداکارہ سلمی ظفرنے کچھ ماہ پہلے مجھ سے ایک کاروبارمیں شراکت داری کے متعلق کہا تھا جس میں ان کے بہت اصرارپر بھی جب میں نے منع کیا تو اب یہ ویڈیو سامنے آگئی۔
اداکارہ جویریہ کا کہنا تھا کہ جب انسان بولتا ہے تو اس کی تربیت کا اندازہ ہوتا ہے لیکن میں ان کو کوئی جواب نہیں دوں گی کیونکہ میری تربیت ایسی ہوئی ہی نہیں کہ کسی پر الزام لگاﺅں یا بدتمیزی کروں –
ان کا کہنا تھا کہ جن لڑکوں کی وہ بات کر رہی ہیں کہ ان کو تنخواہ اور کھان اھسان کے ساتھ دیا جاتا ہے تو وہ ہماری ٹیم کا حصہ ہیں ایک سال سے ہم کام نہیں کررہے نہ ہی کوئی ڈرامہ بنایا ہے لیکن ہم انہیں پیسے بھی دے رہے ہیں اور خیال بھی رکھ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ سینیئر اداکارہ سلمیٰ ظفر نے پروڈکشن ہاؤس کے مالک اداکارہ جویریہ سعود اور ان کے شوہر سعود قاسمی پر معاوضہ ادا نہ کرنے سمیت سنگئن الزامات عائد کیے ہیں، سلمیٰ ظفر کے مطابق جویریہ اور سعود پر ان کے تقریبا ایک کروڑ روپے واجب الادا ہیں۔
سلمیٰ نے سوشل میڈیا پر 35منٹ سے زائد دورانیے کے لائیو سیشن میں کہا کہ میں نے جیوانٹرٹینمنٹ پرنشرہونے والے ڈرامے ’’یہ زندگی ہے‘‘ میں 6 سال تک کام کیا جے جے ایس پروڈکشن کے تحت بننے والے ڈرامے ’’ یہ کیسی محبت ہے ‘‘ کی 500 اقساط میں کام کیا لیکن جویریہ اور سعود اپنے پروڈکشن ہاؤس میں کام کرنے والے فنکاروں اور عملے کو ادائیگی نہیں کرتے۔
سلمی ظفر کا کہنا تھا کہ لوگ ڈر کی وجہ سے کچھ نہیں کہہ رہے لیکن میں کسی سے نہیں ڈرتی،’’ جویریہ کو بیٹیوں کی طرح سمجھتی تھی ، وہ عمرہ کی ادائیگی کرکے آئیں تومیں نے ان کی سوشل میڈیا پرشیئرکی جانے والی پوسٹ پرکمنٹ کرتے ہوئے رقم کا تقاضا کیا لیکن جویریہ نے مجھے بلاک کر دیا تھا-