لاہورپریس کلب اور ایمرا کے عہدیداران نے پاکستان ریلوے کے سینئرجنرل منیجرکی جانب سے دوران میڈیا کوریج صحافیوں سے بدتمیزی کرنے اور انہیں ڈرانے دھمکانے کی شدید مذمت کی ہے.
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری، سینئرنائب صدر ذوالفقارعلی مہتو، نائب صدر ناصرہ عتیق، سیکرٹری زاہد عابد، جوائنٹ سیکرٹری حافظ فیض احمد، خزانچی سالک نواز اور اراکین گورننگ باڈی نے لاہور پریس کلب کے سینئرکونسل ممبر اور آج ٹی وی کے رپورٹرسعید بلوچ،لاہورنیوزکی ٹیم اور دیگر صحافیوں کے ساتھ بدتمیزی کرنے اورڈرانے دھمکانے کی شدید مذمت کی ہے۔ اسی طرح ایمرا کے صدر شوکت علی , نائب صدر ریاض اعوان , سیکرٹری عدنان شیخ , جوائنٹ سیکرٹری افضال سعید , خزانچی و سیکرٹری انفارمیشن عباس نقوی سمیت گورننگ باڈی نے جی ایم ریلوے کی جانب سے سینئر صحافیوں کے ساتھ بدتمیزی اور تشدد کی شدید مذمت کی ہے .
لاہور پریس کلب کے عہدیداران نے اپنے مذمتی بیان میں کہاہے کہ پاکستان ریلوے کے سینئرجنرل منیجرکی جانب سے اس طرح کا بہیمانہ سلوک انتہائی تشویش ناک ہے جس سے یہ ثابت ہوتاہے کہ حکومت جو اس وقت شدید کرائسس کا شکار ہے اسے مزید مشکل میں ڈالنے کے لئے صحافیوں سے لڑانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انھوں نے وفاقی حکومت خصوصا وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید اور دیگر حکام سے واقعہ کی فی الفورتحقیقات کرانے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ سینئرجنرل منیجر معافی مانگیں اوراگر اس واقعہ میں ملوث افرادکے خلاف ایکشن نہ لیاگیا تو ملک بھر کے صحافی اس کے خلاف ایکشن لیں گے اور وفاقی وزیرریلوے کی پریس کانفرنس کابائیکاٹ کیاجائے گا۔
صدر ایمرا شوکت علی نے کہا کہ جی ایم ریلوے نے پیشہ وارانہ فرائض انجام دینے والے صحافیوں کو نہ صرف سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں بلکہ ہولیس اہلکاروں کے ذریعے تشدد کروایا جو کسی صورت قابل قبول نہیں. ایمرا باڈی نے وزیر اعظم پاکستان اور وزیر ریلوے سے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر جی ایم ریلوے کے خلاف کارروائی نہ کی گئی تو پریس کلب, پی یو جے , ایمرا , اینکا ,فوٹو جرنلسٹس سمیت صحافی تنظیمیں اپنا لائحہ عمل طے کریں گی