فرنٹیئر لاء کالج پشاور کے فیکلٹی ممبران اور ایل ایل بی فائنل ایئر کے طلبہ وطالبات نے خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی پشاور کا دورہ کیا۔ انہیں جوڈیشل اکیڈمی پشاور کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کرایا گیا جبکہ خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی پشاور سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔اس موقع پر ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں ڈائریکٹر جنرل خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی ضیاء الدین خٹک ، پرنسپل فرنئٹیر لاء کالج پشاور جسٹس ریٹائرڈ یحیی زاہد گیلانی، سینئر ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن اشفاق تاج ، ڈین فیکلٹی سید کمال حسین شاہ ، ڈائریکٹر شعبہ تحقیق و اشاعت غلام عباس ، ڈائریکٹر انسٹرکشن احمد افتخار، سینئر ریسرچ آفیسر فاروق سمیت فرنٹئیر لاء کالج کے طلبہ و طالبات نے شرکت کی ۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں ڈائریکٹڑ جنرل اکیڈمی ضیاء الدین خٹک نے کہا کہ عدلیہ کسی بھی ریاست کا ایک اہم ستون ہے اور بار اور بنچ ایک دوسرے کےلئے لازم و ملزم ہیں جبکہ ججز اور وکلاءملکر لوگوں کو سستے اور فوری انصاف کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔ ا ن کا کہنا تھا کہ عدلیہ کی بہتر اور قانون کے مطابق معاونت کی فراہمی کے لئے وکلاءکی موجودہ دور کے تقاضوں کے مطابق تربیت فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ڈی جی جو ڈیشل اکیڈمی کا کہنا تھا کہ چونکہ بار اور بنچ گاڑی کے دو پہیوں کے مانند ہیں ، وکلاءکو پیشہ وارانہ طور پرمکمل تیار کرنے کےلئے اکیڈمی نے نوجوان وکلاء کےلئے تربیتی پروگراموں کا سلسلہ شروع کررکھا ہے اور اب تک صوبے کے مختلف اضلاع کے سینکڑوں نوجوان وکلاء کو تربیتی کورسز کراچکی ہے جس کے انعقاد کا مقصد لوگوں کو فوری اور سستے انصاف کی فراہمی کے کاز کو مزید تقویت دینا ہے۔ ڈی جی جوڈیشل اکیڈمی کا کہنا تھا کہ انصاف کی فراہمی کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اورمروجہ عدالتی نظام کو تقویت دینے کےلئے خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی نے نظام انصاف سے منسلک تمام اداروں کے نمائندوں کےلئے تربیتی پروگراموں کے ذریعے اہم کردار ادا کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وکلاءاپنے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو مزید نکھانے کےلئے انتھک محنت کو یقینی بنائے تاکہ عوام کوفوری اور سستے انصاف کی فراہمی میں مدد مل سکے ۔
سینئر ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن جوڈیشل اکیڈمی اشفاق تاج نے خطبہ استقبالیہ دیتے ہوئے کہا کہ جوڈیشل اکیڈمی کا قیام دوہزار بارہ میں صوبائی اسمبلی کے ایکٹ کے ذریعے عمل میں لایاگیا ۔ انہوں نے بتایا کہ خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی ضلعی عدلیہ کے ججز صاحبان ، جوڈیشل پیرالیگل سٹاف ، وکلاء، پولیس ، پراسیکیوٹرز اور پروبیشنرز سمیت نظام انصاف سے منسلک دیگر متعلقہ سٹیک ہولڈرز کو لیگل ٹریننگ پروگرامز کے ذریعے تربیت فراہم کررہی ہے اور اب تک 160 سے زائد ٹریننگ پروگرامز کے ذریعے 4ہزار سے زائد شرکاءکو تربیت فراہم کر چکی ہے ۔
فرنئیر لاء کالج پر پرنسپل جسٹس ریٹائرڈ یحیی زاہد گیلانی نے اپنے خطا ب میں جوڈیشل اکیڈمی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے جوڈیشل اکیڈمی کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ جوڈیشل اکیڈمی پشاور نے قلیل عرصہ میں لیگل ایجوکیشن اور ٹریننگ پروگرامز کے ذریعے اعلی اور قابل تقلید مقام پیدا کیا جس کو جتنا سراہا جائے وہ کم ہوگا ۔
بعد میں دورے پر آئے ہوئے فرنٹئر لاء کالج کے فیکلٹی ممبران اور طلبہ و طالبات کو اکیڈمی کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کرایا گیا اور ان شعبہ جات سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی ۔








