اسلام آباد ریڈزون میں دفترخارجہ کے دفتر کے سامنے جوڈیشل آفیسر اور ایم پی اے عابدہ راجا کے شوہر کے درمیان جھگڑا

اسلام آباد : اسلام آباد ریڈزون میں دفترخارجہ کے دفتر کے سامنے جوڈیشل آفیسر اور ایم پی اے عابدہ راجا کے شوہرکے درمیان جھگڑا، اطلاعات کے ،مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ریڈ زون میں دفتر خارجہ کے سامنے پیٹرول پمپ پر جوڈیشل آفیسر اور پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی عابدہ راجا کے شوہر میں جھگڑا ہوا۔

 

 

رپورٹ کے مطابق جوڈیشل آفیسر اور ایم پی اے عابدہ راجا کے شوہر میں جھگڑا پارلیمنٹ ہاؤس سگنل پر ہوا، جوڈیشل آفیسر پیٹرول بھروانے کے لیے ریڈ زون میں دفترخارجہ کے سامنے پمپ پر پہنچے تو ایم پی اے کے شوہر نے جوڈیشل آفیسر پر حملہ کیا۔

عابدہ راجا کے شوہر کی جانب سے جوڈیشل افسر کو زدوکوب کرنے کی سی سی ٹی وی سامنے آگئی۔سی سی ٹی وی فوٹیج میں عابدہ راجا کے شوہر کو گاڑی میں موجود افراد کو تھپڑ اور مکے مارتے دیکھا جا سکتا ہے۔

پولیس کے مطابق جوڈیشل افسر نے ذاتی دفاع کے لیے عابدہ راجا کے شوہر کے پاؤں پر فائر کیے، واقعے کے بعد فریقین کو پولیس نے حراست میں لیکر تھانہ سیکریٹریٹ منتقل کیا۔پولیس حکام نے بتایا کہ جوڈیشل افسر کا پولی کلینک اسپتال سے میڈیکل کروایا گیا ہے۔

بعدازاں میڈیا سے گفتگو میں ایڈیشنل سیشن جج ملک جہانگیر سے پوچھا گیا کہ یہ واقعہ کیسے پیش آیا؟ تو ان کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں پتہ، پمپ پر پیٹرول ڈلوا رہا تھا، انہوں نے آکر مجھے مارنا شروع کر دیا۔انہوں نے کہا کہ لگتا ہے ان کو کسی اور کی غلط فہمی ہوئی ہے۔

اُدھر پی ٹی آئی ایم پی اے عابدہ راجا کا تھانہ سیکریٹریٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ہماری گاڑی پیٹرول پمپ پر کھڑی تھی کسی نے فائرنگ کر دی، گاڑی میں میرے خاوند سوار تھے، فائرنگ کرنے والےکو پولیس نے پکڑ لیا ہے جب کہ جائے وقوعہ سے پستول کی گولیوں کے خول بھی ملے ہیں۔

دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ جوڈیشل افسر اور ایم پی اے کے شوہر نے قانونی کارروائی سے متعلق کل تک مہلت مانگ لی ہے اور فریقین معاملے کے حل کےلیے صلح کی کوششیں کر رہے ہیں۔

Comments are closed.