جولائی میں تیل کی یومیہ پیداوار میں اضافہ، گیس میں کمی ریکارڈ
ملک میں جولائی کے مہینے میں تیل کی یومیہ پیداوارمیں اضافہ جبکہ گیس کی پیداوارمیں کمی ریکارڈکی گئی ہے۔
پی پی آئی ایس اور انڈسٹری کے اعدادوشمارکے مطابق ملک میں تیل کی یومیہ پیداوار 72637 بیرل اورگیس کی اوسط یومیہ پیداوار 3286 ایم ایف سی ایف ڈی ریکارڈکی گئی جو جون کے مقابلہ میں بالترتیب 3 فیصد زیادہ اور 4 فیصدکم ہے۔
جون کے مہینہ میں ملک میں خام تیل کی اوسط یومیہ پیداوار 70591 بیرل جبکہ گیس کی اوسط یومیہ پیداوار3438 ایم ایم سی ایف ڈی ریکارڈکی گئی تھی۔ جولائی میں اوجی ڈی سی کی خام تیل کی اوسط یومیہ پیداوار 34226 بیرل ریکارڈکی گئی جو جون میں 30383 بیرل یومیہ تھی۔
جولائی میں اوسط یومیہ گیس کی پیداوار 790 ایم ایم سی ایف ڈی ریکارڈکی گئی جو جون کے 657 ایم ایم سی ایف ڈی کے مقابلہ میں 20 فیصد زیادہ ہے، جولائی میں پی اوایل کی اوسط یومیہ خام تیل کی پیداوار5432 بیرل، پی پی ایل 13257 بیرل اورماڑی گیس کی اوسط خام تیل کی پیداوار812 بیرل ریکارڈکی۔
علاوہ ازیں بین الاقوامی ادارے کی رپورٹ کے مطابق: دنیا میں سب سے زیادہ تیل برآمد کرنے والے ممالک نے ستمبر میں اپنی پیداوار میں قدرے اضافہ کرنے پر اتفاق کیا تاکہ بڑھتی ہوئی قیمتوں کو کم کرنے میں مدد مل سکے۔
تیل پیدا کرنے والے گروپ ’اوپیک پلس‘ کے اراکین، جس میں روس بھی شامل ہے، مشترکہ طور پر پیداوار میں 100,000 (ایک لاکھ) بیرل یومیہ اضافہ کریں گے۔ یاد رہے کہ جولائی اور اگست کے دوران یومیہ 600,000 بیرل کا اضافہ کیا گیا تھا۔ مگر تیل درآمد کرنے والے ممالک تیل کی قیمتوں میں کمی لانے کے لیے اس سے بھی بڑا اضافہ چاہتے تھے۔
خیال رہے کہ سنہ 2020 کے موسم بہار میں، جیسے ہی کورونا وائرس دنیا بھر میں پھیل گیا تھا اور بیشتر ممالک لاک ڈاؤن میں چلے گئے، خریداروں کی کمی کی وجہ سے خام تیل کی قیمت گِر گئی۔
کیٹ ڈوریئن کے مطابق تیل پیدا کرنے والے یہ ممالک لوگوں کو تیل کی کھپت کے لیے پیسے دے رہے تھے کہ وہ یہ خرید لیں کیونکہ ان کے پاس اتنی جگہ نہیں تھی کہ وہ تیل ذخیرہ کر سکتے۔
اس کے بعد اوپیک پلس میں شامل ممالک نے قیمت کو واپس لانے میں مدد کے لیے پیداوار میں دس ملین بیرل یومیہ کمی کرنے پر اتفاق کیا۔ جون 2021 میں خام تیل کی مانگ بحال ہونے کے ساتھ، اوپیک پلس نے بتدریج سپلائی میں اضافہ کرنا شروع کیا، جس سے عالمی منڈیوں میں روزانہ 400,000 بیرل اضافی ڈالے گئے۔ جولائی اور اگست میں، اس میں 600,000 کا اضافہ ہوا۔ ستمبر میں اس میں مزید 100,000 کا اضافہ ہو گا۔