چترال: خیبر پختونخوا کے ضلع چترال کے جنگل میں لگی آگ بجھاتے ہوئے اہلکار جاں بحق ہوگیا تھاوزیر اعظم عمران خان نے جنگلات میں لگی آگ بجھاتے ہوئے شہید ہونے والے جمشید اقبال کو خراج تحسین پیش کیا ہے-

باغی ٹی وی : اس صمن میں وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک خصوصی پیغام شئیر کیا ہے وزیراعظم نے اپنے پیغام میں لکھا کہ 19 اگست کو محکمہ جنگلات کے ایک اور ہیرو جمشید اقبال نے جام شہادت نوش کیا۔


وزیر اعظم عمران خان نے بتایا کہ جمشید اقبال چترال کے جنگلات میں لگی آگ بجھاتے ہوئے شہید ہوئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے ہیرو ہیں جو سرسبز پاکستان کے لیے جنگلات کی حفاظت کر رہے ہیں۔

وزیر اعظم نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں جمشید اقبال اور جنگلات کی تصاویر بھی شیئر کیں۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے شہید اہلکار کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ جمشید اقبال نے فرائض منصبی کی ادائیگی کے دوران اپنی جان دے کر فرض شناسی کی اعلی مثال قائم کی، جو سب کے لئے قابل تقلید ہے، جمشید اقبال ہمارے ہیرو ہیں اللہ ان کی شہادت قبول فرمائے۔

وزیر اعلی نے شہید کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت شہید کے اہل خانہ کے ساتھ ہے انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

واضح رہے کہ محکمہ جنگلات کا نوجوان اہلکار جمشید اقبال آگ بجھاتے ہوئے اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکا اور انتہائی گہری کھائی میں گر کر جاں بحق ہوگیا۔ محکمہ جنگلات کے مطابق گرمی کے باعث گھنے جنگل میں آگ لگی ہے جس نے دیکھتے ہی دیکھتے بڑے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے نتیجے میں درجنوں دیار کے قیمتی درخت جل کرخاکستر ہوگئے۔

Shares: