جنوبی پنجاب صوبے کی طرف اہم پیش رفت، بہاولپور میں وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ بنانے کا فیصلہ
جنوبی پنجاب صوبے کی طرف اہم پیش رفت، بہاولپور میں وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ بنانے کا فیصلہ
باغی ٹی وی :جنوبی پنجاب صوبے کی طرف اہم پیش رفت ،وزیراعظم عمران خان سے آج جنوبی پنجاب کے اراکین اسمبلی نے ملاقات کی جس کے دوران بہاولپور میں وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کیلئے ساڑھے 3ارب روپے کے فنڈز مختص کئے جائیں گے۔
اہم فیصلے کے بعد معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان اور وزیر خارجہ شاہ محمود نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ معاون خصوصی نے اپنے خطاب میں کہا کہ بہاولپور میں وزیراعلی سیکرٹریٹ کا قیام تحریک انصاف حکومت کا جنوبی پنجاب صوبہ کی طرف پہلا قدم ہے۔ بہاولپور کے لئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری اورایڈیشنل آئی جی تعینات کیے جائیں گے۔
فردوس عاشق نے مزید کہا کہ وزیراعظم جنوبی پنجاب کےعوام کی محرومیاں دور کرنا چاہتے ہیں، جس پر عملدرآمد کیلئے وزیراعظم نے جنوبی پنجاب کی لیڈرشپ سے آج طویل مشاورت کی اور عوام سے وعدوں کی تکمیل کا جائزہ لیا گیا۔جنوبی پنجاب کی لیڈر شپ نے اپنی رائے سے وزیراعظم کو آگاہ کیا جس کے بعد بہاولپور میں سیکرٹریٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے سابق وزیر اعظم بلخ شیر مزاری کے گھر پر جنوبی پنجاب محاذ کے رہنماوں سردار نصراللہ خان دریشک ، سردار علی دریشک، سمیع اللہ چودھری، طاہر بشیر چیمہ سے ملاقاتیں کیں۔ملاقات میں جنوبی پنجاب صوبے کا سیکرٹریٹ کس شہر میں بنایا جائے پر غور وخوض کیا گیا ۔ ملاقات میں معاملے کو اسمبلی سے منظور کروانے کی حکمت پر بھی غور کیا گیا۔
واضح رہے وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے حکومت سنبھالتے ہی 100دن میں جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کا اعلان کیا تھا۔ جنوبی پنجاب صوبہ تو کجا تاحال سیکرٹریٹ قیام پر اتفاق رائے بھی نہیں پایا جاسکا۔
واضح رہے کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے ارکان پنجاب اسمبلی نے بھی وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات کی ہے،ملاقات کرنیوالوں میں نشاط احمد ڈاھا، غیاث الدین، چوہدری اشرف علی، فیصل خان نیازی، غضنفر علی خان، محمد ارشد، اظہر عباس اور اشرف علی انصاری بھی شامل تھے جبکہ یونس انصاری اور چوہدری طاہر بشیر چیمہ بھی موجود تھے