اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان، جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیرصدارت کل جوڈیشل کمیشن کا اہم اجلاس منعقد ہوگا۔ اجلاس میں جوڈیشل کمیشن کے سیکرٹریٹ کے قیام اور سپریم کورٹ کے آئینی بنچز کی تشکیل کے لئے ججز کی نامزدگی جیسے اہم موضوعات زیر غور آئیں گے۔یہ اجلاس 26 ویں آئینی ترمیم اور جوڈیشل کمیشن کی تشکیل نو کے بعد پہلی بار منعقد کیا جا رہا ہے۔ جوڈیشل کمیشن میں شامل سپریم کورٹ کے معزز ججز، جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر اور جسٹس امین الدین بھی اس اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اٹارنی جنرل آف پاکستان منصور عثمان اعوان، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، اور پاکستان بار کونسل کے نمائندے اختر حسین بھی اجلاس میں شامل ہوں گے۔
سیاسی جماعتوں کی نمائندگی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر فاروق ایچ نائیک، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے شیخ آفتاب احمد اور پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما عمر ایوب اور شبلی فراز اجلاس میں شریک ہوں گے۔ ان کے ساتھ کمیشن کی واحد خاتون ممبر روشن خورشید بروچہ بھی اجلاس میں موجود ہوں گی۔یہ اجلاس پاکستان کے قانونی نظام میں مختلف اہم تبدیلیاں لانے کی طرف ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے۔ اس دوران جوڈیشل کمیشن کے نئے سیکرٹریٹ کے قیام پر تبادلہ خیال ہوگا جو کمیشن کے روزمرہ امور کو باقاعدہ طور پر چلانے اور مؤثر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ اجلاس کے دوران آئینی بنچز کے لئے ججز کی نامزدگی کے حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہیں، جو مختلف آئینی معاملات کو حل کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

Shares: