کے الیکٹرک کے پروگرام ”روشنی باجی“ کا افتتاح

چیئرمین نیپرا،توصیف ایچ فاروقی نے کے الیکٹرک کے ویمن ایمبیسیڈر پروگرام ”روشنی باجی“ کا افتتاح کر دیا

کراچی: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا)کے چیئرمین، توصیف ایچ فاروقی نے کراچی میں کے الیکٹرک کے ویمن ایمبیسیڈر پروگرام”روشنی باجی“ کا افتتاح کردیا۔اس سلسلے میں ایک تقریب کے الیکٹرک کے ٹیپو سلطان کسٹمر کیئر سینٹر میں منعقد ہوئی۔یہ اپنی نوعیت کا پہلا پروگرام ہے جس میں منتخب خواتین کو سیفٹی ایمبیسیڈر مقرر کیا جائے گا جن کا مقصد مختلف کمیونٹیز میں خواتین کو بجلی کے موثر استعمال اور کنڈا کنکشن کے بجائے بجلی کے قانونی استعمال کے بارے میں آگاہی دینا ہے۔ یہ اقدام کمیونٹیز کے ساتھ کے الیکٹرک کی شراکت داری کا ایک تسلسل ہے جس میں رہائشیوں کو بجلی تک آسان رسائی، عوامی مقامات کی تزئین و آرائش اور روزگار کے مواقع ٖکی فراہمی کے ذریعے انہیں ترقی دینا اور باختیار بنانا شامل ہے۔

نیپرا کی طرف سے جناب سیف اللہ چٹھہ، معززوائس چیئرمین اور ممبر پنجاب، جناب رفیق احمد شیخ، معزز ممبر سندھ، جناب رحمت اللہ بلوچ،معزز ممبر بلوچستان، انجینئر بہادر شاہ، معزز ممبر کے پی کے اور نیپرا، سی ایس آر ہیڈ محترمہ ہما ظفر،نے تقریب میں شرکت کی۔اس موقع پر کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، مونس عبداللہ علوی، چیف فنانشل آفیسر، عامر غازیانی،چیف ڈسٹری بیوشن آفیسر، عامر ضیاء، چیف مارکیٹنگ اینڈ کمیونیکیشن آفیسر، محترمہ سعدیہ دادا اور کے الیکٹرک کی لیڈرشپ کے دیگر ارکان بھی موجود تھے۔

”روشنی باجی“ ویمن ایمبیسیڈر پروگرام کا مقصد 100,000 سے زائد خواتین کو اس پروگرام میں شامل کرتے ہوئے اپنے خاندان کے افراد کو عمومی حفاظت، بجلی سے تحفظ، بارش میں حفاظت، بجلی چوری کے خطرات اور توانائی کی بچت جیسے اہم بنیادی اصولوں کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا ہے۔کے الیکٹرک صحت اور تحفظ کے شعبے میں عمدہ کارکردگی کے حوالے سے غیر متزلزل عزم رکھتا ہے اورکمپنی کی جانب سے ہر سال جنرل پبلک سیفٹی سے متعلق آگاہی مہم چلائی جاتی ہے اوریہ مہم اِسی عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

اس ماڈل میں سوشل پارٹنر، کنسرن فار چلڈرن(سی ایف سی) کے اشتراک سے ممکنہ ریکروٹمنٹ اور ٹریننگ کو شامل کیا گیا ہے جو کراچی کے پسماندہ اور ترقی پذیر علاقوں میں مضبوط فٹ پرنٹ رکھتی ہے۔ پاور یوٹیلیٹی نے متعدد مقاصد کو ذہن میں رکھتے ہوئے اس سرگرمی کا آغاز کیا ہے جس میں سے اہم ترین مقصد، زیادہ تر آبادی کے لیے، بالخصوص پسماندہ طبقات اور خواتین کے لیے حفاظتی کورسز اور تربیتی سیشن کی کمی کو دور کرنا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد اعلیٰ ترین کارکردگی اور نتائج کی حامل خواتین کو شناخت کر کے، وقت کے ساتھ ان کی سند یافتہ خواتین الیکٹریشنز کے طور پرتربیت کرنا ہے، تاکہ وہ انرجی سیکٹر میں ملازمت حاصل کر سکیں، یا اپنے رہائشی علاقے میں انفرادی طور پر الیکٹریشن کا پیشہ اختیار کرسکیں۔

اس موقع پر نیپرا کے چیئرمین، توصیف فاروقی نے کہا کہ، کارپوریٹ سوشل رسپانسیبلیٹی پروجیکٹس کے ذریعے نیپرا کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ بجلی کی فراہمی، پاکستان کی تمام کمیونٹیز میں خوشحالی لائے گی۔انہوں نے کہا کہ تقریباً 14ماہ قبل ہم نے پاکستان کے پسماندہ طبقات کو ترقی دینے کا خواب دیکھا تھا اور اب وقت آگیا ہے کہ حکمت عملی اور پائیدار سی ایس آر پروجیکٹس کے ذریعے اس خواب کو پورا کیا جائے جیسا کہ کے الیکٹرک اور دیگر لائسنس یافتہ ادارے کررہے ہیں۔انہوں نے کے الیکٹرک کے سی ایس آر اقدام کو بھی سراہا جو پاور سیکٹرکی دیگر تمام کمپنیوں کیلئے ایک ماڈل کے طور پر کام کرتی ہے۔ دونوں اداروں کی لیڈرشپ نے، نیپرا کے سی ایس آر، ویژن ”بجلی کی فراہمی کے ساتھ خوشحالی‘کو حاصل کرنے کیلئے شراکت داری میں توسیع کے عزم کا اظہار کیا۔

کے الیکٹرک کے LEEDسرٹیفائیڈ ”گرین بلڈنگ“ کا دورہ کرتے ہوئے نیپرا کے چیئرمین نے کہاکہ، ”حفاظت ہر شخص کی ذمہ داری ہے اور خواتین کی چینج ایجنٹ کے طور پر شمولیت یقینی طور پر نہ صرف کمیونٹی ممبران بلکہ آنے والی نسل میں بھی حفاظت کے حوالے سے شعور میں اضافہ کرے گی۔مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہورہی ہے کہ کے الیکٹرک نے نہ صرف ذاتی و عوامی تحفظ کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے میں راہنما کردار ادا کررہا ہے بلکہ انہوں نے خواتین کی معاشی ترقی کے ذریعے بھی یہ کامیابی حاصل کی ہے۔یہ دونوں نیپرا کے سی ایس آر فریم ورک کی ترجیحات میں شامل ہیں اور جب میں مستقبل میں اس پروگرام کے مثبت اثرات دیکھتا ہوں تو دیگر اسٹیک ہولڈرز سے بھی درخواست کرتا ہوں کہ وہ بھی اسی نوعیت کے سوشل انویسٹمنٹ اقدامات کے ساتھ آگے آئیں۔“

تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، مونس علوی نے کہا:”ہم سمجھتے ہیں کہ ہمارا کردار بجلی کی فراہمی سے بڑھ کر ہے جیسا کہ ہم نے پروجیکٹ سربلندی اور اجالا سمیت سوشل انویسٹمنٹ کے پروگرامز کے ذریعے کمیونٹی کے ساتھ کام کرنے اور ان کی ترقی کیلئے کوششیں جاری رکھی ہوئی ہیں۔اسی کے ساتھ ہم خواتین کی شمولیت اور معاشی طور پر بااختیار بنانے کیلئے بھی پرعزم ہیں،اس بات کو جانتے ہوئے کہ یہ معاشرتی ترقی کو فروغ دینے کا پائیدار طریقہ ہے۔کے الیکٹرک کی خواتین میٹر ریڈرزاس کا ثبوت ہیں اور ہم”روشنی باجی“ پروگرام کے ذریعے ان دونوں تصورات کومزید تقویت دے رہے ہیں۔ہرایک روشنی باجی نہ صرف فیمیل کمیونٹی انفلوئنسر کے طور پر کام کریں گی اوران کمیونیٹیز میں آگاہی فراہم کریں گے جن علاقوں سے وہ تعلق رکھتی ہیں بلکہ و ہ اپنے خاندان کیلئے مختلف مواقع بھی پیدا کریں گی۔

کے الیکٹرک کی مینجمنٹ نے نیپرا کے وفد کو موسم گرما کے دوران شہر میں بجلی کی فراہمی کے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی،جب بجلی کی طلب زیادہ ہوتی ہے اور اتھارٹی کو یقینی دہانی کروائی کہ بجلی کی فراہمی کے تسلسل کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر کوششیں بروئے کار لائی جائیں گی۔نیپرا کے وفد کو پاور یوٹیلیٹی کے 900میگا واٹ کے آر ایل این پر مبنی پاور پلانٹ، بی کیو پی ایس III- کی پیشرفت اور 2021کے موسم گرما تک 450میگاواٹ کے پہلے یونٹ کی بروقت تکمیل کے بارے میں بھی آگاہ کیاگیا۔

Comments are closed.