گورنر پنجاب چوہدری سرور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائداعظم کا جو فرمان ایمان، اتحاد اور تنظیم ہے، آج بھی میں اس پر یقین رکھتا ہوں، آج اگر ہماری قوم ان تین زری اصولوں پرعمل کرنا شروع کردے، تو پاکستان دنیا کا بہترین ملک بن سکتا ہے، آج ہمارے ملک کے سامنے بہت بڑے چیلنججز ہیں، بہت خطرات لاحق ہیں، بہت مشکلات ہیں.
چوہدری سرور نے مزید کہا کہ آج کے دن ملک کی تمام سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی کو کہنا چاہتا ہوں کہ آیے ہم اپنے آپس کے اختلافات کو بھلا کر ملک کی سالمیت کیلئے، ملک کے مستقبل کیلئے، اکٹھے مل کر جدوجہد کریں، یہ ملک ہے تو ہم ہیں، ملک نہ رہا تو ہم نہیں رہیں گے، ہم نے اپنی اگلی نسل کیلئے اس ملک کو مضبوط بنانا ہے، سیاست آتی ہے جاتی ہے، الیکشن ہونگے، جس کو عوام چاہے گی جیتوائے گی، لیکن جو ہمارے قومی مسائل ہیں ان پر پاکستان کی پوری قوم ایک ہے، اس پرمتحد ہوجانا چاہیے، آج کے دن ہمیں اپنے آپ سے یہ بھی سوال کرنا چاہیے کہ کیا جن مقاصد کیلئے پاکستان بنایا گیا تھا کیا ہم نے ان مقاصد کو حاصل کرلیا ہے.